بھارت میں علی الصبح زلزلہ ، 8 افراد ہلاک،100زخمی،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ،وزیراعظم مودی کا اظہار افسوس

پیر 4 جنوری 2016 13:23

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء ) میانمار اور بنگالی سرحد کے قریب بھارتی ریاست منی پوراور بنگلہ دیش میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 100زخمی ہوگئے ، امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.7ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا منی پور کے علاقے امپھال سے 29کلومیٹر دوراورگہرائی57کلومیٹر تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست منی پوراور بنگلہ دیش میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 100زخمی ہوگئے۔ مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح چار بج کر 35 منٹ پر آیا ، جب زیادہ تر لوگ گھروں میں آرام کررہے تھے جبکہ منی پور کے دارلحکومت امپھال کے ایس پی نے آٹھ زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کی تصدیق کردی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی کوفون کیا اور زلزلے کے متعلق پوری صورت حال کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم مودی نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ وہ آسام کے دورے پر روانہ ہونے والے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے رابطے میں ہیں اور زلزلے سے متعلق حالات کی ہر پل کی خبر لے رہے ہیں۔عینی شاہدین کاکہناتھاکہ زلزلے کی وجہ سے گھروں میں سوئے ہوئے لوگ جاگ اٹھے ، جھٹکا بہت دیرتک رہا اور اس دوران یہی سوچتے رہے کہ کیا کرناچاہیے تاہم بنگلہ دیش میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔