افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے تین افغان فوجی ہلاک، فاریاب میں مارٹر گولہ پھٹنے سے سات بچے زخمی

کنڑ میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں پانچ عسکریت پسند ہلاک

پیر 4 جنوری 2016 12:48

کابل ۔ 04 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جنوری۔2016ء) افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے تین افغان فوجی ہلاک ہوگئے، فاریاب میں مارٹر گولہ پھٹنے سے سات بچے زخمی ہوگئے، کنڑ میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں پانچ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ مشرقی صوبہ لوگر میں افغان فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا۔ اس حادثہ میں دو دیگر افراد زخمی بھی ہوگئے۔ صوبہ فاریاب میں مارٹر شیل کے پھٹنے سے سات بچے زخمی ہوگئے ۔ حکام نے بتایا کہ فاریاب کے ضلع قیصر میں گزشتہ روز سوویت دور کا ایک مارٹر گولہ پھٹنے کے نتیجے میں 7 بچے زخمی ہوگئے ان میں سے بعض بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مشرقی صوبہ کنڑ میں جاسوس طیارے کے حملے میں پانچ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ افغان حکام کے مطابق گزشتہ روز امریکی جاسوس طیارے نے کنڑ کے علاقہ شیگل میں ایک مشتبہ ٹھکانے پر میزائل داغے۔ اس کارروائی میں پانچ عسکریت پسند ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ عسکریت پسندوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ دریں اثناء افغان سیکورٹی فورسز نے ننگر ہار میں طالبان کے کئی حملوں کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔