کیریئر ختم ہونے کے بعد ’ایک بادشاہ کی طرح جینا چاہتا ہوں ، رونالڈو

پیر 4 جنوری 2016 12:37

کیریئر ختم ہونے کے بعد ’ایک بادشاہ کی طرح جینا چاہتا ہوں ، رونالڈو

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے فٹبال اسٹار کرسچیانو رونالڈو نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنا کیریئر ختم ہونے کے بعد ’ایک بادشاہ کی طرح جینا چاہتا ہوں ۔ریال میڈرڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے رونالڈو نے کھیل کو خیر آباد کہنے کے بعد کوچ بنائے جانے کا خیال مسترد کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران رونالڈو نے تسلیم کیا کہ صرف فٹبال نے ہی ہمیشہ انہیں مسحور نہیں کیا۔

(جاری ہے)

’ میری زندگی بہت شاہانہ ہے، لیکن کیرئیر ختم ہونے کے بعد میں مزید اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو سکوں گا، کیونکہ اس وقت میرے پاس بہت کچھ کرنے کیلئے بہت وقت ہو گا‘۔’ اس ہفتے لاس ویگاس میں ایک باکسنگ مقابلہ ہے اور میں اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ اسے دیکھنا چاہتا ہوں، پر میرے پاس وقت نہیں‘۔رونالڈو نے کہا کہ وہ اس پر شور نہیں مچائیں گے کیونکہ وہ فی الوقت ’قربانی‘ دے رہے ہیں، اور بعد میں وہ ایک بادشاہ کی طرح زندگی گزاریں گے۔تیس سالہ فٹبالر کا ماننا ہے کہ وہ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد روائتی طور پر کوچنگ کرنے کے بجائے اپنے برانڈ پر کام کریں گے۔