روس کی جانب سے ترکی پر لگنے والی پابندیوں سے اب ترکی کی سیاحت، تعمیراتی کمپنیاں اور اشیا خورد ونوش کی برآمدات متاثر

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 جنوری 2016 11:00

استبول(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 04 جنوری۔2015ء) روس کی جانب سے ترکی پر لگنے والی پابندیوں سے اب ترکی کی سیاحت، تعمیراتی کمپنیاں اور اشیا خورد ونوش کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں نومبر2015 میں شام اور ترکی کی سرحد پر ترکی کے ایف 16 طیارے کے روسی لڑاکا طیارے ایس یو 24 کو گرائے جانے کے واقع پر روس نے انتہائی غصے کا اظہار کیا تھا۔اس واقع کے بعد روس نے ترکی پر جوپابندیاں عائدکیں ان میں ترکی سے پھلوں، سبزیوں، پولٹری اور نمک کی درآمدات‘روسی افراد کو ترکی کے لیے خصوصی چھٹی پیکجوں کی فروخت‘روس میں ترکی کی کمپنیوں کے ساتھ بغیر کسی خصوصی اجازت نامے کے تعمیراتی کام‘روس میں رجسٹرڈ کمپنیوں میں کام کرنے والے ترکی کے شہریوں پر بھی اب پابندی عائد کر دی گئی ہے اور روس نے ترک سٹریم نامی منصوبے پر بھی کام روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کا مقصد ایک نئی ’بلیک سی‘ پائپ لائن کے ذریعے ترکی برآمد کی جانے والی روسی گیس میں اضافہ کرنا تھا۔ماہر معاشیات ایرہان اسلان اوغلو کا کہنا ہے کہ ’مختصر دورانیے کے لیے تو یہ پابندیاں ترک معیشت پر اثر انداز ہوں گی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ترکی سنبھل جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ ترکی کو ہونے والا نقصان کم سے کم دس بلین ڈالر ہو سکتا ہے۔

روسی سیاحوں کے لیے 2014 میں ترکی کے بحیرہ روم پر ریزوٹس چھٹیاں گزارنے کے لیے دوسرا سب سے پسندیدہ مقام تھا جہاں تقریباً 33 لاکھ سیاح جایا کرتے تھے۔اسلان اوغلو کے مطابق ترکی کو’روسی سیاحوں سے ملنے والے سالانہ 3.5 بلین ڈالرز کا نقصان ہوگا اور سالانہ تعمیراتی منصوبوں کی منسوخی کے باعث ہونے والا نقصان 4.5 بلین ڈالر کا نقصان ہو سکتا۔تاہم ان کے خیال میں روس گیس کی برآمدات کو متاثر نہیں ہونے دے گا کیونکہ یہ ترکی کے ساتھ تجارت کا ایک اہم شعبہ ہے۔

ترکی سالانہ اپنی 55 فیصد قدرتی گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے روس پر انحصار کرتا ہے۔اسلان اوغلو کا کہنا ہے کہ ’اگر روس قدرتی گیس کو روکتا ہے یا اس میں تعطل آتا ہے تو پھر اس کے ترکی پر انتہائی سنجیدہ اثرات مرتب ہوں گے، لیکن مجھے اتنی بڑی تبدیلی کی امید نہیں ہے۔استنبول سے قریب لالیلی علاقہ میں جو کپڑوں کی برآمدات کے لیے مشہور ہے، دوکاندار روسی طیارہ گرائے جانے کے بعد سے تجارت میں کمی کی شکایت کر رہے ہیں۔

ایک خاتون دوکاندار نائلہ سیبک کا کہنا ہے کہ ’اس وقت کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔ زیادہ تر دوکانیں بند ہو چکی ہیں اور گاہک بالکل نہیں ہیں۔لیدر جیکٹس کا کاروبار کرنے والے حسن ایرن کا کہنا ہے کہ کاروبار بالکل نہیں ہے کیونکہ میرے 80 فیصد گاہکوں کا تعلق روس سے ہے۔اگر کاروبار آئندہ دو ماہ کے دوران پھر سے بہتر نہیں ہوتا تو میں دیوالیہ ہو جاوٴں گا۔

ترکی کی ٹیکسٹائل باقاعدہ طور پر روسی پابندیوں میں شامل تو نہیں ہے تاہم برآمد کنندگان کے خیال میں ان کی اشیا کی خرید و فروخت غیر رسمی پابندی کا شکار ہو رہی ہیں۔ترکی کے وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے ترکی کی اشیا خورد و نوش پر پابندی کا مطلب ہے کہ 764 ملین ڈالر کا نقصان۔فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے نائب سربراہ موہیتن باران کا کہنا ہے کہ ’آغاز میں تو ہمارے شعبے میں اس پابندی پر دھچکا لگا تھا لیکن بعد میں ہم نے سب سنبھال لیا۔

اس سب کے علاوہ ان پابندیوں کا ثقافتی اثر بھی ہے اور اس صورتحال سے روسی زبان اور ادب کی تعلیم حاصل کرنے والی ترک طلبا کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ان طلبا میں سے سینکڑوں نے ایک آن لائن پیٹیشن پر دستخط کیے ہیں جس میں روسی صدر ولادی میر پوتن اور ترکی کے صدر رجب طیب اردو غان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو ختم کریں۔گائے کورل جو حال ہی میں گریجویٹ ہوئی ہیں کو امید تھی کہ انھیں روس میں نوکری مل جائے گی لیکن اب انھوں نے اپنے تمام تر منصوبے ختم کر دیے ہیں۔

ایک اور طالب علم کاگلہ کرسن کا کہنا ہے کہ ’ترکی اور روس ایک جوڑے کی طرح ہیں جو طلاق چاہتا ہے اور ہم ان کے بچے ہیں۔اگر یہ دونوں الگ ہو جاتے ہیں تو ہمیں بہت افسوس ہوگا۔ ہمیں امید ہے کہ ہمارے صدور ہمیں نظر انداز نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :