پاک چین مشترکہ بحری مشق شنگھائی ، چین میں اختتام پذیر ہو گئیں،پاک بحریہ کے جہاز شمشیر اور نصر نے بشمول ہیلی کاپٹرز مشق میں حصہ لیا ‘شنگھائی پہنچنے پر پر تپاک استقبال

اتوار 3 جنوری 2016 20:35

بیجنگ /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3جنوری۔2016ء) پاک بحریہ اور چین کی بحریہ کے درمیان شنگھائی ، چین میں ہونے والی دوسری مشترکہ بحری مشق اختتام پذیر ہو گئی۔ پاک بحریہ کے جہاز شمشیر اور نصر نے بشمول ہیلی کاپٹرز اس مشق میں حصہ لیا جن کا شنگھائی پہنچنے پر پر تپاک استقبال کیا گیا۔ مشق کے ہاربر فیز میں سینئیر فوجی اور سول حکام سے ملاقاتیں ، مشترکہ مباحثے ، پیشہ ورانہ موضوعات پر سیمینار اور سماجی میل ملاپ کے مواقع شامل تھے۔

مشق کے بحری فیز میں سطح سمندر ، زیر آب اور فضائی جنگی حکمت عملیاں شامل تھیں ۔ اس مشق میں چین کی بحریہ کے کئی جنگی جہازوں ، آبدوز، لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔ چینی بحریہ کی آبدوز کے ساتھ بنیادی اور ایڈوانس اینٹی سب میرین وار فئیر، سطح سمندر اور فضا میں لائیو فائرنگ کی مشق اور دونوں بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے درمیان میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز بھی اس مشق کا حصہ تھیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی افواج خصوصاً بحری افواج نے ہمیشہ مشترکہ تربیت اور روابط کی بہتری کے لیے کوششوں کو جاری رکھا ہے۔ اس سیریز کی دوسری مشق کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس مشق سے دونوں بحری افواج کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور اپنی جنگی حکمت عملیوں کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملا۔ بحری افواج کے درمیان مضبوط روابط موجودہ دور میں اور بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں جہاں مشترکہ آپریشنز بحری امور کی پائیداری کے لیے لازم ہیں۔ اس سیریز کی تیسری مشق کا انعقاد جلد ہی پاکستان کی بحری حدود میں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :