Live Updates

رینجرز اختیارات سے متعلق وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا‘ وفاق کے حامی ہیں تصادم نہیں چاہتے‘ ریاست سب کی ماں ہے‘ اپنے حقوق مانگنا گناہ نہیں‘ عمران خان کو دہشت گرد نہیں کہا اگر انہیں علاج کی رعایت ملے گی تو دوسرے بھی رعایت مانگیں گے‘ عمران خان کو ایک شکریے کا خط آیا ہوسکتا ہے باقی لوگوں نے شکریہ نہ کہا ہو‘ سندھ حکومت رینجرز معاملے پر آئینی بات کرے گی،وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کی پریس کانفرنس

اتوار 3 جنوری 2016 18:17

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ رینجرز اختیارات سے متعلق وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا‘ وفاق کے حامی ہیں تصادم نہیں چاہتے‘ ریاست سب کی ماں ہے‘ اپنے حقوق مانگنا گناہ نہیں‘ عمران خان کو دہشت گرد نہیں کہا لیکن اگر انہیں علاج کی رعایت ملے گی تو دوسرے بھی رعایت مانگیں گے‘ عمران خان کو ایک شکریے کا خط آیا ہوسکتا ہے باقی لوگوں نے شکریہ نہ کہا ہو‘ سندھ حکومت رینجرز معاملے پر آئینی بات کرے گی۔

وہ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے جس سے وفاق کو نقصان ہو رینجرز اختیارات سے متعلق وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے ذاتی اور سیاسی معاملات کی وجہ سے وفاق کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

(جاری ہے)

سندھ میں امن کے لئے آئین کے مطابق بات ہوگی۔ ہم تصادم نہیں چاہتے وفاق کے حامی ہیں فی الحال اگر مگر کو چھوڑیں اور معاملے کو چلنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں نفرتیں شکست کھا گئیں امن قائم ہو کر رہے گا۔ ہمیں کسی سے نفرت نہیں دھرتی سے پیار ہے۔ ریاست سب کی ماں ہے اپنے حقوق مانگنا گناہ نہیں۔ پاکستان کے وسائل پر تمام شہریوں کا حق ہے ہم نے کبھی سندھ کارڈ استعمال نہیں کیا ہمیشہ آئین میں رہ کر بات کی ایسی بات نہیں کرینگے جسے علیحدگی سمجھا جائے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں لوگ مارے گئے ہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دی ہیں دہشت گردی ہم نے پالی نہ پیدا کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔

بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی آصف زرداری نے پاکستان کھپے کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان پر نہ کوئی الزام لگایا نہ دہشت گرد کہا عمران خان کہتے ہیں علاج سے پہلے مذہب نہیں پوچھتے تو انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ جب آپ کو رعایت دی جائے گی تو پھر کوئی اور بھی رعایت مانگے گا آپ کو ایک شکریے کا خط آیا ہوسکتا ہے باقی لوگوں نے شکریہ نہ کہا ہو۔ کپتان نے میرا نام مولا جٹ رکھا ہے مجھے خوشی ہے چلو اس بہانے مجھے یاد تو کرتے ہیں۔ انہیں نظر رکھنی چاہئے کہ طالبان کمانڈر کا اگر علاج کیا تو کیوں کیا نظر رکھیں کہ ہسپتال میں کس کس کا علاج ہورہا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات