کوہاٹ میں ڈرائیونگ کی تربیت کا 22واں کورس مکمل

اتوار 3 جنوری 2016 14:49

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء)کوہاٹ ٹریفک پولیس موٹر ڈرائیونگ سکول کے زیر انتظام ڈرائیونگ کی تربیت کا 22واں کورس مکمل ہوگیا ، تربیتی کورس میں سات خواتین سمیت 77افراد نے حصہ لیا۔ جس میں آٹھ افرادفیل اور 69افراد کامیاب قرار پائے۔ اے ڈی او فنانس آفیسرواحد الرحمن اور سینئر صحافی ظاہر خان بنگش نے کامیاب تربیت یافتہ افراد میں ڈرائیونگ کورس کے سرٹیفیکٹ تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ڈی او فنانس آفیسرواحد الرحمن اور کوہاٹ ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول کے پرنسپل عرب جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا حادثات سے بچاؤ کا ضامن ہے۔ احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ ٹریفک پولیس نے عوام کی سہولت کے لئے ڈرائیونگ سکول کو جدید آلات سے آراستہ کیا ہے یہاں پر ایک سال کے اندر805مرد اور 89خواتین نے ڈرائیونگ کورس مکمل کیا جو اس بات کی دلیل ہے کہ ادارہ کے اساتذہ محنت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو اصول اور قوانین یہاں پر سکھائے جاتے ہیں ان پر عمل کرنا ہم سب کا فرض بنتا ہے اور عام شہریوں کوبھی ٹریفک قوانین کی پاسداری کا درس دیں۔