کاروباری برادری رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کی بھرپور حمایت کرتی ہے، میاں شاہد

اتوار 3 جنوری 2016 14:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جنوری۔2016ء)یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چئیرمین میاں شاہد نے کہا ہے کہ کاروباری برادری حکومت کی جانب سے رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادائیگی سکیم کی بھرپور حمایت کرتی ہے، اس فیصلے سے صنعتی و تجارتی پھیلاؤ میں اضافہ اورمعیشت مستحکم ہو گی جبکہ حکومت کی آمدنی میں 50 ارب روپے تک کا اضافہ ہو گا جس سے ملک کا ہر شعبہ بہترہو گا۔

انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقتصادی لحاظ سے کمزور ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا جبکہ غیر ملکی قرضوں پر زیادہ عرصہ تک انحصار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ ملکی مفاد کے خلاف ہے۔ اس سکیم سے تاجروں اور ایف بی آر میں غلط فہمیوں میں کمی آئے گی جس سے دونوں مزید قریب آ جائینگے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے تاجروں کے طویل احتجاج کا نوٹس لے کر یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کروا دیا ہے جسکی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

اس سے کاروباری برادری کا خوف ختم ہو گیا ہے اور اب وہ یکسوئی سے ملکی ترقی کے عمل میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔میاں شاہد نے کہا کہ اس عبوری انتظام سے لاکھوں افراد ٹیکس نیٹ میں آ جائینگے اور دستاویزی معیشت کا حجم بڑھے گا جوملکی ترقی اور عوامی ترقیاتی منصوبوں کیلئے ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور انکی ٹیم کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔اس فیصلے سے سرمایہ کاری کی فضا بہتر ہو گی جبکہ غیر ملکی بینکوں میں موجود پاکستانیوں کا اربوں ڈالر کا سرمایہ واپس آئے گاجو ہماری قومی سلامتی کیلئے نہایت اہم ہے۔