Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، امن عامہ کی مجموعی صورتحال اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 2 جنوری 2016 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ہفتہ کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن وامان کی فضا ء کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھارہی ہے ۔

امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے گئے ہیں اورامن وامان کی بہتری کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہاہے۔ جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے بھی موثراقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی وانتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاق رائے سے طے کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں بروقت اورموثر اقدامات کئے گئے ہیں اور دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ضروری ترامیم کرکے قوانین کو مزید موثر بنایا گیا ہے اور سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں اور آج پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے مکمل صفایا کیلئے یکسو اور متحد ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور ان کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھی جائے۔ لاؤڈسپیکر اور وال چاکنگ پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کسی صورت برداشت نہیں اور ایسی تقاریر کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کاروائی کی جائے کیونکہ معاشرے میں بھائی چارے، امن، اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں موثر انداز میں سرچ آپریشن مزید تیز کئے جائیں اور سرچ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ دہشت گردی ،انتہا پسندی اورفرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔

دہشت گردی،انتہا پسندی اورفرقہ واریت کے خلاف ہر محاذ پرفیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداددہشت گردی کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں۔ صوبے میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لئے بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح پاکستان کے 18 کروڑ عوام کی ہوگی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے مخصوص مائنڈ سیٹ کا خاتمہ کرکے دم لیں گے اور پرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے دہشت گردی او رانتہا پسندی کوجڑسے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس ضمن میں آخری حد تک جائیں گے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، متعلقہ سیکرٹریز و حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات