وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 35کروڑ کی لاگت سے ماڈل کیٹل مارکیٹ کے قیام کا منصوبہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا،نورالامین مینگل

مویشیوں کے بیوپاریوں اورفارمرزکو محفوظ اور منظم کاروباری سہولیات میسر آئیں گی،ڈی سی او فیصل آباد

ہفتہ 2 جنوری 2016 21:54

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء )وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر 35کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل کیٹل مارکیٹ کے قیام کا منصوبہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گاجس کی بدولت مویشیوں کے بیوپاریوں اورفارمرزکو محفوظ اور منظم کاروباری سہولیات میسر آئیں گی۔آن لائن کے مطابق ڈی سی اونورالامین مینگل نے نیاموآنہ کے قریب ماڈل کیٹل مارکیٹ کی تعمیراتی پیشرفت کامعائنہ کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل مویشی منڈیوں کا قیام حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے جس میں بیوپاریوں اور مویشی پال حضرات کو جانوروں کی خریدوفروخت کے سلسلے میں وسیع کاروباری مواقع میسرآئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ان ماڈل مویشی منڈیوں میں جانوروں کیلئے جدید شیڈ کے علاوہ ویٹرنری ہسپتال ،بینک ، بیوپاریوں کیلئے قیام گاہ،ڈسپنسری،کینٹین،چارے کا ٹال، سیکورٹی سسٹم اور دیگر سہولیات کے علاوہ بائیوگیس پلانٹس کا قیام بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی اونے ماڈل کیٹل مارکیٹ کے بقیہ تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کی پائیداری میں کوئی کسر نہیں رہنی چاہیے۔ایم این اے میاں محمد فاروق نے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ ملکی معیشت کا اہم جزو ہے جو نہ صرف دیہی عوام کو روزگارفراہم کرتا ہے بلکہ غذائی ضروریات کی فراہمی اورمعاشی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس شعبہ میں حکومت پنجاب انقلابی پالیسیاں متعارف کرارہی ہے جس کے تحت ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام اس سلسلے کی اہم کڑی ہے ۔انہوں نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی اور اب تک کی تعمیراتی پیشرفت سے آگاہ کیا