چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ معاشی‘ اقتصادی اور تجارتی میدان میں ملک کی کایا پلٹ دے گا۔ڈاکٹر اقرار

ہفتہ 2 جنوری 2016 21:41

فیصل آباد۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک میں تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے ساتھ معاشی‘ اقتصادی اور تجارتی میدان میں ملک کی کایا پلٹ دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنز کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام چینی زبان کے کورس شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدرزی چنگ پنگ کے حالیہ دورہ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی‘ انرجی اور مختلف شعبہ جات میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگی جس سے دیرپا ترقی اور عوامی خوشحالی کے ساتھ ساتھ غربت کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چائنا کی دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے جو کہ باہمی احترام‘ محبت‘ رواداری اور بھائی چارے پر مبنی ہے ۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ اس مثالی دوستی کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو چائنز زبان سے جانکاری کی طرف آنا ہوگا تاکہ چین میں اعلیٰ تعلیم کے ذریعے اس عظیم ہمسایہ ملک کی ترقی کوقریب سے دیکھا جاسکے۔ اس سے قبل کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے کہا کہ یونیورسٹی میں حال ہی میں قائم ہونے والے چائنز کلچرل سنٹر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام طلباء کو چائنز زبان کے ساتھ ساتھ ان کی ثقافت، خوراک اور معاشی ترقی سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔ اب تک سینکڑوں طلباء چینی زبان سیکھ چکے ہیں تاکہ وہ ہمارے اس ہمسایہ ملک میں جا کر اپنی تعلیمی یا کاروباری عمل کو آگے بڑھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :