بھارت میں 189پاکستانی قیدیوں کی گمشدگی لمحہ فکریہ ہے ، صارم برنی

عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں مذکورہ خبر پر ایکشن لیکر بھارت سے جواب طلب کیا جائے

ہفتہ 2 جنوری 2016 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان کی جانب سے بھارت بھیجی گئی پاکستانیوں کی فہرست میں سے 189پاکستانی قیدیوں کی گمشدگی کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے جس پر حکومت کی جانب سے جلد ایکشن لے کر بھارت سے جواب طلب کیا جائے اور تمام پاکستانیوں کی تفصیلات منگوائی جائیں ۔

ٹرسٹ کے چیئر مین صارم برنی نے بین الاقوامی میڈیا اور کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ پاکستانی قیدیوں کی گمشدگی کا نوٹس لیا جائے اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ تمام پاکستانیوں کی حفاظت اور ان کی سلامتی کو یقینی بنا کر ان کے پاکستان بھیجنے کے عمل کو شروع کرے۔ صارم برنی نے کہا کہ برسوں سے رہائی کی آس میں بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے بھارتی حکومت کے سنجیدہ اقدا مات نظر نہیں آتے ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں بے یارو مددگار پاکستانی حکومتی مدد کے منتظر ہیں ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بھلے خراب ہوں یا ان میں کشیدگی ہو لیکن اس سے قیدیوں کے تبادلے پر کوئی فرق نہیں پڑنا چاہئے اور جو ماہی گیر پاکستان سے بھارتی حدود یا بھارتی ماہی گیر پاکستانی حدود میں داخل ہو کر گرفتار ہو گئے ہوں جلد از جلد ان کا تبادلہ کرکے انہیں وطن واپس بھیج دیا جائے اور انہیں ان کا سامان بھی واپس کیا جائے۔

صارم برنی نے کہا کہ صارم برنی ٹرسٹ انسانیت اور انسانی حقوق کے وسیع تر مفاد میں بھارتی حکومت سے اپیل کرتا ہے کہ بھارت میں قید ویزہ ٹیمپرنگ اور دیگرمعمولی جرائم میں ملوث پاکستانیوں کے کیسز پر بھی نظرِ ثانی کی جائے اور ان کا مسئلہ جلدحل کیا جائے اورایسے تمام پاکستانی جو مختلف جرائم میں اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں اس کے باوجود جیلوں میں سڑ رہے ہیں انہیں جلد رہا کرکے وطن واپس بھیجا جائے۔

متعلقہ عنوان :