اورنج لائن ٹرین منصوبے کے روٹ پرآنیوالے گھروں کی منتقلی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جائیگا‘ امین وینس

روٹ پر ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کے حوالہ سے آنے والے تمام مسائل کے حل کے لئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ایل ڈی اے سے مکمل تعاون کیا جائے گا‘ سی سی پی او لاہور کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 2 جنوری 2016 21:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین کے روٹ پر ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کے حوالہ سے آنے والے تمام مسائل کے حل کے لئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ایل ڈی اے سے مکمل تعاون کیا جائے گااور روٹ پرآنے والے گھروں کی منتقلی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جائے گا، شہر میں تجاوزات کے حوالہ سے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے مکمل تعاون کیا جا رہاہے اور جہاں کہیں بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بنی وہاں پولیس اور انتظامیہ ملکر معاملے کا حل کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اورنج لائن ٹرین اور شہر میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ، ایل ڈی اے اور پولیس کے افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ ، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان ،ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی اطہر اسماعیل، سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ،ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک،ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، تمام ڈویژنل ایس پیز ، اسسٹنٹ کمشنزرز اور ایل ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔

ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ کے روٹ پر آنے والے تمام گھروں کے مالکان سے خوش اسلوبی سے معاملات طے کیے جائیں گے اور ان کو دیگر مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی طرف سے اورنج لائن ٹرین کی تکمیل کے بعد شہریوں کو آسان اور جدید سفری سہولیات مہیا ہونگی ۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان نے اس موقع پر کہا کہ آج سے تین سال قبل جب میٹرو بس کے روٹ کے معاملات طے کیے جا رہے تھے تو تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کر کے خوش اسلوبی سے معاملات نمٹائے گئے تھے اب بھی انشا اﷲ اورنج لائن ٹرین کے روٹ پر تمام معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر معاملات کو طے کریں گے ۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے اس موقع پر مزید کہا کہ شہر میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے شروع کیے گئے تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس مکمل تعاون کر رہی ہی اور شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے مربوط ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :