سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے تمام OPS اور خلاف ضابطہ ترقی پانیوالے 57انجینئرز اور 2 ڈی ایم ڈی سمیت 191 افسران کی تنز لی کردی

اصل گریڈ میں واپس بھیجنے کے احکامات جاری،شکایات سننے کے لئے ڈپٹی منیجنگ ڈ ائریکٹر مشکور الحسنین کی نگرانی میں 5رکن کمیٹی قائم

ہفتہ 2 جنوری 2016 20:19

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کر تے ہوئے تمام OPS اور خلاف ضابطہ ترقی پانے والے 57انجینئرز اور 2 ڈی ایم ڈی سمیت 191 افسران کی تنزلی کرتے ہوئے ان کے اصل گریڈ میں واپس بھیجنے کے احکامات جاری کر دئے ہیں،ان افسرن و انجینئرز اور ملازمین کی تنزلیوں کے حوالے سے شکایات سننے کے لئے ڈپٹی منیجنگ ڈ ائریکٹر مشکور الحسنین کی نگرانی میں 5رکن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کے ممبران میں سینئر ڈائریکٹر ہیو من ریسورسز محمود قادر، ڈائریکٹر ایم ایم ایس ارشد جاوید،اکاؤنٹس آفیسر نظام الدین ، ڈپٹی میڈیکل سپر نٹنڈنٹ ڈاکٹر شبیر احمد شامل ہیں کمیٹی شکایات کا جائزہ لے گی تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی کا احتمال نہ رہے، کمیٹی 30دن میں اپنی رپورٹ مکمل کر کے پیش کرے گی،اگر کوئی افسر یہ سمجھتا ہے کہ اس کے ساتھ ناانصافی ہو ئی ہے تو کمیٹی ایسے افسران کے ساتھ انصاف کرے گی،انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے،دریں اثنا ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فریدنے تمام ڈی ایم ڈیز ،چیف انجینئرز، ڈائریکٹرز،پروجیکٹ ڈائریکٹر اور سربراہان محکمہ کو خط کے زریعے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر صحیح معنوں میں عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ جاتی سربراہان اپنے محکموں کے ایسے تمام OPS اور آؤٹ آف ٹرن پروموشن پانے والے افسران کی فہرستیں فراہم کریں جن کے احکامات جاری ہو نے سے رہ گئے ہوں اور اس بات کو یقینی اور لازمی بنایا جائے کہ کو ئی بھی افسر جو اس زمرہ میں آتا ہو اس کے لئے احکامات جاری ہو گئے ہوں تاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں کسی قسم کی حکم عدولی کا شبہ نہ رہے ، انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے محکمہ کی جانب سے یہ سرٹیفکٹ جمع کرائیں کہ ان کے محکمہ میں OPS میں اب کو ئی بھی افسر کام نہیں کررہاہے اور جاری کئے جانے والے احکامات پر متعلقہ افسران سے عملدرآمد کرالیاگیا ہے،واضح رہے کہ OPS اور آؤٹ آف ٹرن پروموشن کے افسران کے سلسلہ میں واٹر بورڈ نے احکامات جاری کر دئے ہیں اور متعلقہ افسران کو احکامات کی کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں ، ایم ڈی واٹر بورد نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں سختی سے عملدرآمد کے ساتھ شفافیت کی ضرورت ہے کیونکہ سپریم کورٹ کے احکاما ت کی تعمیل ہر افسر پر لازم ہے لہٰذا اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی عدم تعمیل پر متعلقہ افسران از خود ذمہ دار اور جوابدہ ہو ں گے،ایم ڈی واٹربورڈ نے مزید کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات اور انصاف کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اورواٹر بورڈ کو مثالی خدمتی ادارہ بنانے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں لہٰذا ان فیصلوں کو خوش دلی سے قبول کیاجائے ، شہریوں کو سروسز کی بہتر سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جائے اور خدمات کے معیار کو بر قرار رکھاجائے ،کسی بھی امور میں کمی نہ آنے دی جائے تاکہ شہر یوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں،ادارہ کا امیج ہمیں مل کر بحا ل رکھنا ہے۔

متعلقہ عنوان :