علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ داعش جیسے فتنوں کو بے نقاب کریں

نوجوان نسل کو اسلام دشمن فتنوں سے آگاہ کیا جائے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 2 جنوری 2016 19:38

اسلام آباد ۔ 02جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ داعش جیسی انتہاء پسند تنظیموں کا مسلمانوں کے کسی مکتبہ فکر سے کوئی تعلق نہیں ہے، مسلم علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ داعش جیسے فتنوں کو بے نقاب کرے اور نوجوان نسل کو اسلام دشمن فتنوں سے آگاہ کرے، پاکستان علماء کونسل نے داعش اور اس جیسے فتنوں کے بارے میں شرعی احکامات پر علماء اسلام سے مشاورت مکمل کر لی ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مکاتب فکر اور مذاہب کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اور پاکستانی قوم انتہاء پسند تحریکوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل عصر حاضر کے فتنوں سے مقابلے کیلئے علماء ، آئمہ اور خطباء کیلئے تربیتی اور معلوماتی نشستوں کا اہتمام کر رہی ہے جس کے مثبت اثرات پورے ملک کے اندر دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل داعش کے حوالے سے ایک مفصل فتویٰ جاری کرے گی۔

متعلقہ عنوان :