وزیراعظم کی جانب سے ایمنسٹی سکیم خوش آئند ہے،حکومت کا یہ اہم قدم ٹیکس نیٹ کو وسعت دے گا، لاہور چیمبر

ہفتہ 2 جنوری 2016 17:08

لاہور۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی سکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں اہم قدم قرار دیا ہے۔ہفتہ کے روز ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ حکومت کا یہ اہم قدم ٹیکس نیٹ کو وسعت دے گا، حکومت کے محاصل بڑھائے گا اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مبارکباد کی مستحق ہے جس نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے تاجر برادری اور معیشت کے مفاد میں اقدامات اٹھائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ وسیع ہونے سے مستقبل میں ایسی ایمنسٹی سکیموں کی ضرورت نہیں رہے گی لہذا حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہا جانا چاہئے اور کوئی بھی ایسا قدم جس سے ٹیکس دہندگان کو ریلیف ملے اْس کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری کا حقیقی نمائندہ ہے اور اس کا یہ ماننا ہے کہ ریلیف پیکیج تاجر برادری کا حق ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت تاجر برادری کو سہولیات دینے کے لیے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :