پاکستان کی پٹھان کوٹ بھارت میں پیش آنیوالے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت

خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھانے کے عزم ہیں، دفتر خارجہ

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) پاکستان نے پٹھان کوٹ بھارت میں پیش آنیوالے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہفتے کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پٹھان کوٹ بھارت میں پیش آنیوالے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہے جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ، ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت عوام اور سوگوار خاندانوں کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمی ہونیوالوں کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں، بیان میں کہا گیا ہے کہ اعلی سطح پر ہونیوالے حالیہ رابطوں کے دوران قائم خیر سگالی کے فروغ کیلئے پاکستان بھارت اور خطے کے دیگر ممالک کی شراکت داری سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم رہنے کا اعادہ کرتا ہے کیونکہ دہشت گردی کی لعنت نے خطے کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔