ایوب گوٹھ کے مکینوں سے لوٹ مار پر اے ایس آئی سمیت4 اہلکارمعطل

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء)نیوکراچی ایوب گوٹھ کے مکین پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت خوری اور تلاشی کے بہانے لوٹ مار کرنے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے.تفصیلات کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے میں واقع نیو کراچی ایوب گوٹھ کے مکین نیوکراچی صنعتی پولیس کے اہلکاروں کے خلاف اس وقت سراپا احتجاج بن گئے جب نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کے 4 اہلکاروں نے اسنیپ چیکنگ اورجامہ تلاشی کے نام ایوب گوٹھ کے ایک شہری سے ایک لاکھ روپے لوٹ لیے جس پر ایوب گوٹھ کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے ایوب گوٹھ کی دونوں سڑکیں بلاک کرکے ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی، پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا اورنعرے بازی کی جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کرنے کے لیے متعلقہ پولیس افسران پہنچے تاہم مظاہرین نے ان کی ایک نہ سنی اور نیوکراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کا گھیرا کرلیا اور شدید احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے چاروں پولیس اہلکاروں کوگرفتار کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ، ایس ایچ او طارق رحیم کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی حاضر رحمن، پولیس اہلکار محمد صادق، انتظار اور ممتاز اسنیپ چیکنگ کررہے تھے کہ انھوں نے ایک موٹر سائیکل پر سوار2 افراد کو روکنے کے بعد موٹر سائیکل نمبر پلیٹ نہ ہونے پر گرفتار کرنے کا کہا جس پر موٹر سائیکل سوار افراد کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں نے کونسی اپنی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ لگائی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکاروں نے دونوں افراد کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا،متاثرہ شخص کو ایف آئی آر کے اندراج کے لیے تھانے بلایا گیا تو شہریوں کی بھی بڑی تعداد تھانے پہنچ گئی،ممکنہ گڑبڑ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی،ڈی ایس پی ارشاد بھٹو کا کہنا ہے کہ چاروں اہلکاروں کو معطل کرکے انھیں کوارٹرگارڈ کردیا گیا اور ان کے خلاف انکوائری شروع کردی،انھوں نے مزید بتایا کہ مظاہرین نے بھی پولیس اہلکاروں سے مذاکرات کیے اورراضی نامہ ہوگیا جس کے باعث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا تاہم انھیں معطل اور کوارٹر گارڈ کردیا گیا۔