پی آئی اے کپتان کا انوکھاکارنامہ،جدہ سے سیالکوٹ جانیوالی پرواز کو کپتان نے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے پرکراچی اتار لیا

مسافروں کا احتجاج ، انتظامیہ نے طیارے کا اے سی بند کر دیا ، متعدد افراد کی حالت غیر ، پرواز کو موسم کی خرابی کے باعث کراچی اتارا گیا ،انتظامیہ کا موقف

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) پی آئی اے کپتان کا انوکھاکارنامہ ،جدہ سے سیالکوٹ جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز کو کپتان نے اپنا ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے پرکراچی اتار لیااور گھرکی راہ لی۔مسافروں نے پی آئی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پرواز کو موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی اتارا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوقومی ایئر لائن کی جانب سے ایسی بدحواسی دیکھنے میں آئی جس کی مثال نہیں ملتی ۔ جدہ سے سیالکوٹ جانے والی پرواز پی کے 747 کو اچانک کراچی اتار لیا گیا ۔

(جاری ہے)

طیارے میں موجود مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے جہاز سے باہر آنے سے انکار کر دیا ۔ مسافروں کے مطابق پرواز جدہ سے ہی ساڑھے چھ گھنٹے تاخیر کا شکار تھی جس کے بعد کراچی لینڈنگ دہری پریشانی کا سبب بنی ۔

ادھر پی آئی اے انتظامیہ کا کہناتھاکہ طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث کراچی اتاراگیا ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے کپتان نے ڈیوٹی وقت ختم ہونے پر جہاز کراچی اتارا اور گھر چلا گیا جس کے بعد عملے نے طیارے کا اے سی بند کیا اور اس نے بھی گھر کی راہ لی ۔ اے سی بند ہونے سے طیارے میں حبس کے باعث متعدد مسافروں کی حالت غیر ہوگئی۔