جو عناصر پاک بھارت درمیان امن کی بحالی نہیں چاہتے وہ پٹھان کوٹ حملے جیسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں ، امن مذاکرات کے عمل کی اپنی طاقت ہے، ملک کی سیکورٹی ایجنسیاں ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں‘ پٹھان کوٹ حملے کے بعد پاکستان سے مذاکرات کا فیصلہ وزارت خارجہ اور داخلہ کو کرنا ہے

بھارتی وزیر مملکت ڈ اکٹر جتیندر سنگھ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:26

نئی دہلی/ جموں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء ) بھارتی وزیر مملکت ڈ اکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ جو عناصر پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی بحالی نہیں چاہتے وہ پھٹان کوٹ حملے جیسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں تاہم امن مذاکرات کے عمل کی اپنی طاقت ہے، ملک کی سیکورٹی ایجنسیاں ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ایک پروگرام کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے وزیراعظم دفتر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پٹھانکوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر دہشت گردانہ حملے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ فوج اور نیم فوجی دستے سمیت تمام سیکورٹی ایجنسیوں نے اس واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور اس سے نمٹنے میں وہ فعال ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردانہ حملے کے باوجود پاکستان سے مذاکرات کا عمل جاری رہنے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ جو عناصر دونوں ممالک کے درمیان امن کی بحالی نہیں چاہتے وہ اس طرح کی حرکتیں کرتے رہتے ہیں لیکن امن مذاکرات کے عمل کی اپنی طاقت ہے۔پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈ اکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہیں یا نہیں اس بات کا فیصلہ وزارت خارجہ اور داخلہ کو کرنا ہے ۔ ڈ اکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ ملک کی سیکورٹی ایجنسیاں ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔