شہد کی مکھیاں پالنے والے حضرات کو بکسوں کا معائنہ ہر 15 روز بعد کرنے کی ہدایت

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:19

فیصل آباد۔2 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جنوری۔2016ء)ماہرین زراعت نے شہد کی مکھیاں پالنے والے حضرات کو مکھیوں کے بکسوں کا معائنہ ہر 15 روز بعد کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ وہ بکسوں کا بغور جائزہ لیتے رہیں اور اگر ان کی صفائی کرنا مقصود ہو تو اس میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں سرسوں اور توریا سے مناسب شہد اکٹھا ہو چکا ہو وہاں سے شہد نکالا بھی جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ اگر شہد کی مکھیوں کے گھر کمزور ہوں تو ابھی شہد نکالنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے تاہم شہد کی مکھیوں کونمی کے اثرات سے بچانا بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگرکمبل یا کپڑے کے ٹکڑے سردی سے بچاؤ کیلئے فریموں کے اوپر رکھے گئے ہوں توانہیں بھی مناسب وقفوں سے بدلتے رہنا چاہیے تاکہ ان میں زیادہ نمی پید انہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر ڈھانپنے والے کپڑے گیلے محسوس ہوں تو انہیں اچھی طرح دھوپ میں خشک کرنے کے بعد استعمال میں لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ یہ بھی خیال رکھا جائے کہ ملکہ مکھی کے انڈے دینے کیلئے بکسوں میں جگہ کی کمی نہ ہو اور پھولوں کی عدم دستیابی کے علاقوں میں چینی کا شیرہ بحساب 1:2 بھی مکھیوں کو دیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مکھی پال حضرات مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔