حکومت مغوی تاجر کی بازیابی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے،قبائلی مشران

ہفتہ 2 جنوری 2016 16:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء)خلجی قبیلے کے عمائدین وقبائلی مشران نے گزشتہ روز چمن سے ممتاز تاجر عبدالعزیز خلجی کے اغواء کی شدید مذمت کر تے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور سیکورٹی ادارے مغوی کے بازیابی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائیگا۔ خلجی قبیلے کے عمائدین اور قبائلی مشران پر مشتمل جرگے کا اجلاس ہفتے کو خلجی قبیلے کے سربراہ نورمحمد خان خلجی کی صدارت میں کوئٹہ میں ہوا۔

اجلاس میں بڑی تعداد میں مشران نے شر کت کی۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے نور محمد خان خلجی نے گزشتہ روز چمن سے ممتاز تاجر اور قبائلی رہنماء عبدالعزیز خلجی کی اغواء کی شدید مذمت کی گئے اور اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ا نتظامیہ انہیں اب تک بازیابی میں ناکام رہی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے کہا کہ بدامنی کے واقعات ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے۔ سفید پوش اور خاص کر تاجر طبقہ دہشتگردوں اور سماج دشمن عناصر کے نشانے پر ہے عبدالعزیز خلجی ناصرف ایک تاجر بلکہ قبیلے کا ایک رہنما بھی ہے دن دہاڑے چمن تبلیغی مرکز کے قریب سے اغواء ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔

واقعے سے خلجی قبیلے میں بے چینی اور غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔ شرکاء نے وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری ، آئی جی ایف شیرافگن نیازی اور آئی جی پولیس احسن محبوب سے مطالبہ کیا کہ عبدالعزیز خلجی کے فوری بازیابی کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر خلجی قبیلہ احتجاج پر مجبور ہو گی۔