سپریم کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات ختم‘ آئندہ عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے بینچ تشکیل

ہفتہ 2 جنوری 2016 14:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء) سپریم کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات کے اختتام پر شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کے لیے بینچ تشکیل دیدیئے گئے ہیں جو (کل )سے مقدمات کی سماعت کا آغاز کریں گے۔ رواں ہفتہ متعدد انتخابی عذرداریوں سمیت ای او بی آئی کرپشن کیس ، لال مسجد آپریشن میں ماورائے عدالت قتل کا مقدمہ کی سماعت ہوگی۔

عدالت کا پہلا بینچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل ہے۔ عدالت کا دوسرا بینچ جسٹس میاں ثاقب نثار ، جسٹس فیصل عرب ، جسٹس طارق پرویز پر مشتمل ہے۔ تیسرے بینچ کے اراکین میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ ، جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سردار طارق مسعود شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ کا چوتھا ڈویڑن بینچ جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اقبال حمیدالرحمان پر مشتمل ہے۔

جسٹس گلزار احمد اور جسٹس دوست محمد خان پانچویں بینچ کے ممبران ہیں جبکہ عدالت عظمیٰ کا چھٹا بینچ جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل ہے۔ یہ تمام بینچ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ عدالت کا ساتواں بینچ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ یہ بینچ جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس منظور احمد ملک پر مشتمل ہے۔

متعلقہ عنوان :