حوثیوں کی سعودی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام،باغیوں کا ابھا پر داغا گیا میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا

ہفتہ 2 جنوری 2016 14:55

حوثیوں کی سعودی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام،باغیوں کا ابھا پر ..

ریاض/ صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جنوری۔2016ء ) سعودی ائر ڈیفنس فورسز نے یمنی علاقے سے سعودی شہر ابھا پر داغا جانے والا میزائل فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا جبکہ اتحادی عرب فوج کے لڑاکا طیاروں نے یمنی علاقے سے داغے جانے والے میزائل کا لانچنگ پیڈ بھی تباہ کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کی آئینی حکومت کی مددگار عرب اتحادی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل ناکارہ بنانے کے بعد اتحادی عرب فوج کے لڑاکا طیاروں نے یمنی علاقے سے داغے جانے والے میزائل کا لانچنگ پیڈ بھی تباہ کر دیا۔

ادھر سعودی فوج نے حوثی ملیشیا اور منحرف صدر علی عبداللہ صالح کے جنگجووٴں کی جانب سے مملکت کی بین الاقوامی سرحد پار کرنے کی ایک کوشش ناکام بنا دی۔ یہ کارروائی الحرث گورنری کے علاقے الخوبہ میں کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

سعودی فوج نے دراندازی کی مرتکب ملیشیا کو بھاری جانی ومادی نقصان پہنچایا۔ نجران کے علاقے میں سعودی فوج اور یمنی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

میدان جنگ سے موثوقہ ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اتحادی فوج کے اپاچی ہیلی کاپٹروں اور سعودی فوجی توپخانے کی جانب سے یمنی سرحد کے اندر حوثی ٹھکانوں پر شدید گولا باری سے باغیوں کے دسیوں جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ہفتے کو علی الصباح علاقے میں فضا پرسکوں رہی تاہم وقت گزرنے کے بعد سعودی فوج نے ملیشیا کی نقل وحرکت کا ادراک کرتے ہوئے انہیں دوبارہ نشانہ بنانا شروع کر دیا۔اتحادی لڑاکا طیاروں نے یمنی دارلحکومت کے قریبی علاقے جبل النھدین اور صنعاء کے دار الرئاسہ میں باغیوں کے گولا بارود گودام پر شدید بمباری کی۔