لاہور چیمبر کی جانب سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے ایمنسٹی سکیم کا خیر مقدم

ہفتہ 2 جنوری 2016 14:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی سکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں قدم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ حکومت کا یہ اہم قدم ٹیکس نیٹ کو وسعت دے گا، حکومت کے محاصل بڑھائے گا اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام ہمیشہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان کشیدگی کا باعث رہا ہے لیکن اس معاملے کے افہام و تفہیم سے حل ہوجانے سے کاروباری فضا بہت بہتر ہوگی۔ حکومت مبارکباد کی مستحق ہے جس نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے تاجر برادری اور معیشت کے مفاد میں اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ وسیع ہونے سے مستقبل میں ایسی ایمنسٹی سکیموں کی ضرورت نہیں رہے گی لہذا حکومت کے اچھے اقدامات کو کسی اور تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے، کوئی بھی ایسا قدم جس سے ٹیکس دہندگان کو ریلیف ملے، اْس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے نہ کہ سیاست چمکانے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نان فائلرز کے لیے ایمنسٹی سکیم آخری قدم تھا لیکن پالیسی میکرز نے یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری کا حقیقی نمائندہ ہے اور اس کا یہ ماننا ہے کہ ریلیف پیکیج تاجر برادری کا حق ہے ، حکومت کو اس میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھنا چاہیے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت تاجر برادری کو سہولیات دینے کے لیے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :