زلزلہ کے جھٹکے نے اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کو ہلا کے رکھ دیا، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

ہفتہ 2 جنوری 2016 14:34

اسلام آباد/پشاور/صوابی/نئی دہلی/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کو ڈیڑھ بجے کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور افغان دارالحکومت کابل سے بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ کلمہ اور درودشریف کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کافی دیر تک باہر بیٹھے رہے۔

زلزلہ پیما مرکزکے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی ہے اور زلزے کی گہرائی 175 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا مرکزکوہ ہندوکش کے سلسلہ میں تھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکے کی وجہ سے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے دفاتر اور گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے ۔

(جاری ہے)

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لاہور،اسلام آباد، پشاور، سوات حافظ آباد،سیالکوٹ ،بنوں ،ہنگو ،کرک ، لکی مروت،مہمند ایجنسی، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہستان، بٹگرام،میانوالی ، نوشہرہ ، سوات، قصور، کامونکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ،مانسہرہ ، کرم ایجنسی، استور، غذر، صوابی،دیربالا، لوئر دیر،سرگودھا، ایبٹ آباد، چترال، چنیوٹ، فیصل آباد،گوجرانوالہ، اوکاڑہ، ساہیوال، پتوکی، رینالہ خورد، کندیاں ، منڈی بہاوٴالدین، ملکوال، جہلم ، ہری پور میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔