کراچی سمیت سندھ بھر کے گھریلو صارفین بھی گیس لوڈ شیڈنگ کے لئے تیار ہو جائیں، ایم ڈی ایس ایس جی سی

پچاس فیصد سے زائد چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا ارادہ ہے، دورانیہ طے کررہے ہیں، اقدام سے سوئی سدرن کے نقصان کو کم کرنے میں مدد ملے گی، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 جنوری 2016 21:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) سوئی سدن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) خالد رحمان نے کہاہے کہ جن علاقوں میں 50 فیصد سے زائد چوری ہے وہاں لوڈشیڈنگ کا ارادہ ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے شیڈول اور دورانیہ طے کر رہے ہیں اور اس اقدام سے سوئی سدرن کے نقصانات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ گیس کی طلب و رسد کے فرق کو گھٹانے کے لیے مختلف صنعتی علاقوں میں ہفتے میں ایک روز اور سی این جی سیکٹر کو 3 دن گیس کی فراہمی معطل کی جاتی ہے۔

خالد رحمان کے مطابق بلوچستان میں حالات بہتر ہونے کے باعث گیس پائپ لائین کو دھماکوں سے اڑانے کے واقعات میں کافی کمی آئی ہے۔ 13-2012 کے کمپنی کے مالیاتی نتائج رواں ماہ کے وسط تک جاری کر دیے جائیں گے جبکہ گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ فروری 2016 میں بتائی جائے گی۔