پاک چین اقتصادی و،توانائی راہداری جیسے منصوبوں سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائیگی، رانا عبدالرحمن

وز یراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ کر اٹھنے والے تمام خدشات کو ختم کردیا ہے،رہنماء ن لیگ خانیوال

جمعہ 1 جنوری 2016 18:45

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) پاک چین اقتصادی راہداری اور توانائی راہداری جیسے عظیم منصوبوں سے نہ صرف ملک وقوم بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی ۔وز یراعظم میاں نوازشریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ کر اٹھنے والے تمام خدشات کو ختم کردیا ۔ان خیالات کااظہار مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے ضلعی صدر اور بلدیہ خانیوال چیئرمین کے امیدوار راناعبدالرحمن خاں نے اپنے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی حکمت عملی اورکاوشوں سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئی بھارتی وزیراعظم کے جذبہ خیر سگالی دورہ کے مثبت نتائج مرتب ہونگے۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہدا ری منصوبے اور گیس پائپ لائن جیسے عظیم منصوبوں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے خطے میں امن کاقیام انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حالات اوروقت کے تقاضے بدل رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بدلتے ہوئے ان تقاضوں کے پیش نظر وزیراعظم میاں نوا ز شریف انتہائی مدبرانہ اقدام اٹھا رہے ہیں جس سے اس پورے خطے میں قیام امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی اورپوری دنیا پر مثبت اثرا ت مرتب ہونگے۔انہوں نے کہاکہ اب معاشی جنگ میں معیشت کو مضبوط بناکرہی درپیش چیلنجز سے نمٹاجاسکتاہے ۔تقریب سے حاجی راؤ عبدالوحید ،تنویر شاہین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :