وزیر اعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان اور ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی الگ الگ ملاقاتیں،ملکی صورت حال سمیت اہم امور پر تبا دلہ خیال

آپریشن ضرب عضب میں فضائیہ کی کارکردگی پر ائیر چیف مارشل کی وزیر اعظم کو بریفنگ حکومت پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق دور حاضر کی تمام سہولتیں مہیا کرے گی،نواز شریف

جمعہ 1 جنوری 2016 14:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جنوری۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ملکی صورت سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روزپا ک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر اعظم نواز شریف سے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے جس میں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،سہیل امان نے وزیر اظعم کو دہشت گردی کے خلاف خنگ میں ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ،وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق دور حاضر کی تمام سہولتیں مہیاکرے گی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جو تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی ، وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کو اقوام متحدہ میں اپنی مصروفیا ت سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم نے ملیحہ لودھی کی اقوام متحدہ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنج سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے مزید فعال کردار ادا کرے ۔