اسلام آباد : وزارت داخلہ میں‌غیر ملکیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے ، اسلام آباد میں کون کہاں رہتا ہے سب کا ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہے۔وزیر اعظم کو بارہا کہہ چکا ہوں‌کہ ملک کو کئی مسائل کا سامنا ہے ، ڈھائی سال میں رینجرز کی کارکردگی پر رپورٹ تیار کر لی ، یہ نہیں‌کہتا کہ کرپشن کا خاتمہ ہوا لیکن اپنے محکمے میں خدا کا خوف لے آئے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ایوان میں‌اظہار خیال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 دسمبر 2015 12:33

اسلام آباد : وزارت داخلہ میں‌غیر ملکیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے ، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 17دسمبر 2015 ء) : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں اظہارٍ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایوان کے گذشتہ اجلاس میں وزارت داخلہ کی کارکردگی پر بحث کی گئی ۔ ہم پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہتے، میں یہ نہیں کہتا کہ سب ٹھیک ہو گیا لیکن ہم نے نئی روایت قائم کرنے کی کوشش کی ہے، وزرا کی کارکردگی پیش کرنے کے لیے ایوان بہترین فورم ہے۔

حکومت اور وزرا اللہ کے بعد ایوان کو جوابدہ ہیں. انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ وزارت داخلہ کی کارکردگی پر بحث کی جائے۔ رینجرز ک ڈھائی سالہ کارکردگی کی رپورٹ تیار کر لی ہے. ڈھائی سال میں ڈھائی ہزار سے زائد انٹیلی جنس رپورٹس شئیر کی ہیں۔

(جاری ہے)

پالیسی درست کرنا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا ہے لیکن دہشتگرد سرحد کی جانب جا چھپے ہیں۔

انسداد دہشت گردی میں انٹیلی جنس اور وزارت داخلہ نے اہم کردار ادا کیا ۔ جعلی شناختی کارڈ پر ہم نے نادرا اہلکاروں کو نہ صرف معطل کیا بلکہ گرفتار بھی کیا ۔ ایک لاکھ سے زائد جعلی شناختی کارڈز بنائے گئے.جعلی شناختی کارڈ اورا نسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا۔غلط کاموں پر ائیر پورٹ سے ایف آئی کے ذریعے متعدد افراد کو گرفتار کیا۔

ایف آئی اے کے افراد کو بھی ہیومن ٹریفکنگ کے الزام میں گرفتار کیا۔64 افراد کو ایف آئی اے سے نکال دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ ہم نے کرپشن کا خاتمہ کر دیا ہے لیکن محکمے میں تھوڑا خوف خدا لے آئے ہیں۔وزیر اعظم کو بار ہا کہہ چکا ہوں کہ ملک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے سب سے اہم مسئلہ سکیورٹی کا ہے۔ سکیورٹی کے معاملے پر تمام صوبوں سے بہترین روابط ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کا چند ماہ میں آغاز کر دیا جائے گا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ہر روز پانچ سے آٹھ دھماکے ہوتے تھے لیکن اب ایک دھماکہ بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں وزارت داخلہ کے ریکارڈ جلائے جانے پر تحفظات ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ اور آن لائن شناختی کارڈ کے اجرا کے سسٹم کا بھی جلد افتتاح کر دیں گے جسے پہلے کچھ شہروں اور بعد ازاں پورے ملک میں فعال کر دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں جلد ہی موبائل بنکنگ کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایوان میں اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ ایوان میں ہر وزیر کی کارکردگی دیکھی جانی چاہئیے، انہوں نے کہا کہ میں وزرا کی ایوان کے سامنے احتساب کی روایت قائم کرنا چاہتا ہوں ، ۔ چودھری نثار نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ میں غیر ملکیوں کا داخلہ بند کر دیا ہے ، اسلام آباد میں کون کہاں مقیم ہے سب کا ڈیٹا ہمارے پاس ہے۔