کراچی : انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے کر دیا۔۔۔ رینجرز اور پولیس میں ٹھن گئی!

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 دسمبر 2015 12:35

کراچی : انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 11 دسمبر 2015ء) : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے کر دیا . ڈاکٹر عاصم حسین پر میگا کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات بھی عائد ہیں، تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کو سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی میں پیش کیا گیا۔سندھ پولیس کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف نے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی جس میں ان کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں ملے لہٰذا رہا کر رہے ہیں،سرکاری وکیل نے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ مسترد کر دی۔

لاافسر نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف گواہ کا بیان اور شواہد موجود ہیں، ملزم جے آئی ٹی کے سامنے اپنے جرائم کا اقرار کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پہلے تفتیشی افسر نے گیارہ دن کا ریمانڈ لیا جس میں اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر سمیت دس کا بیان ریکارڈ کیا ، جس کے بعد نئے تفتیشی افسر نے پانچ دن کا ریمانڈ لیا اور ڈاکٹر عاصم حسین کو بے گناہ قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

لا افسر کا کہنا تھا کہ اے ٹی سی ایکٹ میں تفتیشی افسرکے پاس 497سیکشن کا اختیار نہیں یہ اختیارمحض عدالتوں کو حاصل ہے، لا آفیسر نے کہا کہ تفتیشی افسر نے دہشت گردی کی دفعات ختم کر کے خود عدالت بننے کی کوشش کی ، عدالت نے رپورٹ نا مکمل قرار دیتے ہوئے سندھ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ مسترد کر دی ۔ اے ٹی سی کی منتظم عدالت کے جج نعمت اللہ پھلپوٹو نے سوال کیا کہ عاصم حسین کی حتمی رپورٹ کہاں ہے؟ ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسپتال میں اگر دہشت گردوں کا علاج کیا بھی جاتا تھا تو ڈاکٹر عاصم اس حوالے سے لا تعلق ہیں کیونکہ اسپتال میں کسی کی منظوری سے علاج نہیں کیا جاتا۔

عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین نے بھی اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ میرے خلاف پیش کیے گئے تمام شواہد جعلی ہیں، دہشت گردوں کے علاج کے تمام بل کمپیوٹرائزڈ طریقے سے تبدیل کیے گئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قا نون سے بالاتر نہیں ہے ، میں ضیاالدین کا بیٹا ہوں ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں بگاڑنے والوں میں سے نہیں۔

کیس کا مختصر فیصلہ دیتے ہوئے اے ٹی سی کے جج نعمت اللہ پھلپوٹو نے ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے کر دیا گیا ، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے خلاف پانچ ریفرنسز نیب نے تیار کیے ہیں۔ نیب ڈاکٹر عاصم حسین کو تحویل میں لینے کے بعد تحقیقات کرے گی. عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ ختم کرنے کا معاملہ التوا میں ڈال دیا.

متعلقہ عنوان :