اسلام آباد کی عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے الزام تراشی اور تصادم کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے‘ وزیر اعظم نوا زشریف وفاقی دارالحکومت کو ایک جدید شہر دیکھنا چاہتے ہیں ‘ امید ہے منتخب نمائندے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب

اتوار 6 دسمبر 2015 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6دسمبر۔2015ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے الزام تراشی اور تصادم کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے‘ وزیر اعظم نوا زشریف وفاقی دارالحکومت کو ایک جدید شہر دیکھنا چاہتے ہیں ‘ امید ہے منتخب نمائندے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

وہ اتوار کو یہاں شاہ اللہ دتہ کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب چیئرمین ‘ وائس چیئرمین اور جنرل کونسلر کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بہتری کیلئے فلاحی منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہے اور میٹرو بس سمیت دیگر عوامی مفاد کے منصوبے اس کی زندہ جاوید مثال ہیں ا ور انہی کے باعث عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے اسے منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) اور وزیر اعظم نواز شریف کو ہی جاتا ہے۔ وزیر مملکت کیڈ نے کہاکہ وزیر اعظم اسلام آباد کو ایک جدید شہر دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کی اس خواہش کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ اسلام آباد کی عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے الزام تراشی اور تصادم کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا کہ نو منتخب نمائندوں کو وزیر اعظم کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے بلکہ کراچی کے علاقے لیاری میں بھی نشستیں جیتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ملک میں ترقی اور خوشحالی ہوئی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں ملک بھر میں موٹر ویز ا ور سڑکوں کے جال بچھائے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نوا زشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا اور اسلام آباد کو دنیا کا جدید ترین شہر بنائیں گے۔