وزیرا علیٰ سندھ کو کراچی میں رینجرزاختیارات میں توسیع کیلئے ایک ہفتہ قبل بھجوائی گئی سمری تاحال منظور نہ ہوسکی،سندھ حکومت رینجرز کے ختیارات کے حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آتی ،رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو واپس بلا لیں گے، وزیر داخلہ چوہدری نثار

اتوار 6 دسمبر 2015 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6دسمبر۔2015ء) وزیرا علیٰ سندھ کو کراچی میں رینجرزاختیارات میں توسیع کیلئے ایک ہفتہ قبلبھجوائی گئی سمری تاحال منظور نہ ہوسکی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری ارسال نہ کی تو رینجرز کو واپس بلا لیں گے،کراچی میں رینجرز کو دیے گئے خصوصی اختیارات کی مدت پانچ دسمبر رات بارہ بجے ختم ہو چکی ہے جبکہ توسیع کے لیے بھجوائی گئی سمری ایک ہفتے سے وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کی منتظر ہے۔

اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہاکہ اگر سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری ارسال نہ کی تو رینجرز کو واپس بلا لیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ (آج) پیر کو وزیراعظم کے ہمراہ کراچی جائیں گے اوراس معاملے پر بھی بات کی جائے گی۔کراچی میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق چار کے تحت چار ماہ کے لئے خصوصی اختیارات رواں سال جولائی میں دیے گئے تھے۔

انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو تلاشی، چھاپے، گرفتاری اور شرپسند عناصر کو کنٹرول کرنے کے لئے ہتھیار کا استعمال کرنے اور کسی ملزم کو نوے روز تک تفتیش کے لئے تحویل میں رکھنے کا اختیار حاصل تھا۔ اختیارات میں توسیع نہ ملنے کے بعد رینجرز کے کراچی میں اختیارات نہایت محدود ہوجائیں گے جس کے بعد کراچی آپریشن پر بھی منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔