چین کو آزاد کشمیر میں اپنی سرگرمیاں بند کرنے کیلئے کہہ دیا ہے ،بھارت ، رواں سال پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرکسی بھی فضائی حدود اور بحریہ عرب میں سمندری حدود کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ،بھارتی فضائیہ اور بحریہ کسی بھی مداخلت کا پتہ لگانے اوراس سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ،بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع راؤ اندرجیت سنگھ کا لوک سبھا میں تحریری جواب

ہفتہ 5 دسمبر 2015 00:23

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4دسمبر۔2015ء) بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع راؤ اندرجیت سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت نے آزاد کشمیر میں چینی سرگرمیوں پر اپنی تشویش سے بیجنگ حکام کو آگاہ کرتے ہوئے انھیں بندکو کہا ہے ، رواں سال پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرکسی بھی فضائی حدود اور بحریہ عرب میں سمندری حدود کی خلاف ورزی نہیں کی گئی بھارتی فضائیہ اور بحریہ کسی بھی مداخلت کا پتہ لگانے اوراس سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔

جمعہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر مملکت برائے دفاع راؤ اندرجیت سنگھ نے لوک سبھا میں اپنے تحریری جواب میں کہاکہ بھارت نے چین سے آزاد کشمیر میں اسکی سرگرمیوں پر اپنے خدشات کااظہار کردیا ہے اور ان سرگرمیوں کو ختم کرنے کو کہا ہے،حکومت نے ملک کی سلامتی کے تحفظ کیلئے تما پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے اور تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے 2015میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ پاکستان کی طرف سے کسی بھی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ رواں سال پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کوئی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ۔بھارتی فضائیہ اپنی حدود میں کسی بھی مداخلت کا پتہ لگانے اور اس سے نمٹنے کیلئے جدیدٹیکنالوجی سے لیس، تربیت یافتہ اور منظم ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے بھارت کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی بھی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ماضی قریب میں بحیرہ عرب میں پاکستان کی طرف سے بھارتی سمندری علاقے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی ۔حکومت علاقائی سلامیت اور سلامتی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرتے ہوئے باقاعدگی کے ساتھ اور وقت کے ساتھ ساتھ خطرے کے احساس کا جائزہ لیتی ہے ۔