ملتان،نیب 7 تا11 دسمبرہفتہ انسدادِبدعنوانی کے سلسلے میں طلباء کے درمیان تقریری، مصوری، شاعری اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کرے گا

منگل 1 دسمبر 2015 22:53

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو ملتان7 تا11 دسمبر2015 کو منائے جانے والے ہفتہ انسدادِبدعنوانی کے سلسلے میں طالبعلموں کے درمیان انسدادِ بدعنوانی سے متعلق موضوعات پر تقریری، مصوری، شاعری اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کرنے کا اہتمام کر رہا ہے۔ اِن مقابلہ جات میں نیب ملتان کی حدود میں شامل بہاولپور، ڈیرہ غازیخان اور ملتان ڈویژن میں واقع سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم پرائمری، سیکنڈری سکولز، کالجز و یونیورسٹی کے طالبعلم حصہ لے رہے ہیں۔

اِس سلسلے کے پہلے مرحلے میں ٹی ہاؤس ملتان میں سکول کی سطح پر شاعری کے مقابلہ جات باسلسلہ انسدادِ بدعنوانی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تینوں ڈویژن بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیااور اپنے بھرپور جذبات کا اظہار بذریعہ شاعری کیا اور سامعین سے خُوب داد وصول کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا باقاعدہ آغاز مہمانِ خصوصی جناب طارق محمود ندیم ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان نے اپنے خطاب سے کیا جِس میں اُنہوں نے نوجوان نسل کو معاشرے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اِس موقعہ پر اُنہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کاایک قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں کیونکہ آنے والے وقتوں میں مُلک کی باگ دوڑ انہوں نے ہی سنبھالنی ہوتی ہے اور باہمت و باشعور و باضمیر سوچ ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔

اِس مقابلے میں پرائمری سطح پر دانش سکول بوائز چشتیاں ضلع بہاولنگر کے طالبعلم وقار یونس نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ سیکنڈری سطح پرپہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز ایم سی ہائی سکول بوریوالہ کی طالبہ شگفتہ مسعود نے حاصل کی۔ پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو ججز کے متفقہ فیصلہ کے بعد نامزد کیا گیا۔ کامیاب طالبعلموں میں کیش انعامات اور سرٹیفکیٹ 9 دسمبر کو گورنر پنجاب کے دستِ مبارک سے دئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ 9 دسمبر کا دِن رشوت ستانی سے آگاہی کے سلسلے میں دُنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد انسدادِ رشوت ستانی کیلئے ایک نئے عزم کے ساتھ جدوجہد کرنا ہے۔ اِسی طرح 11 دسمبر تک مختلف علمی و ادبی تقاریب کا سلسلہ چلتا رہے گا

متعلقہ عنوان :