بنگالی باشندے اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں، محمد حسین محنتی

جماعت اسلامی ہی بنگالی باشندوں کو نادرا اور نارا کے ظلم سے نجات دلائے گی

منگل 1 دسمبر 2015 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) کراچی میں رہائش پذیر بنگالی باشندے اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔ جماعت اسلامی بنگالی باشندوں کو نادرا اور نارا کے مظالم سے نجات دلائے گی۔ جماعت اسلامی بنگالی باشندوں کی پشت بان ہے۔ اقلیتی برادری کے مسائل کے لئے جماعت اسلامی ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی۔

تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی میں پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔ عوام ترازو کو ووٹ دے کر کراچی کو دہشت گردی کی سیاست سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں۔ یہ بات جماعت اسلامی صوبہ سند کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے یونین کمیٹی 28 مدینہ کالونی کورنگی کے تحت اتحاد کالونی کورنگی ڈھائی پر جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کے مشترکہ پینل کے انتخابی جلسے سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام، پاک مسلم الائنس کے مرکزی نائب صدر محمد کمال قالین والا، پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری عبد الحکیم، یونین کمیٹی 28 مدینہ کالونی کورنگی کے چیئرمین کے امیدوار مولانا محمد عبد الرشید، وائس چیئرمین کے امیدوار مولانا محمد عبد اﷲ صدیق، کونسلر کے امیدوار اشرف پال، مولانا کریم اﷲ، محمد خان، محمد جوہر اور محمد ضیاء الحق نے بھی خطاب۔

اس موقع پر پاک مسلم الائنس کے مرکزی نائب صدر کمال قالین والا اور مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری عبد الحکیم نے یونین کمیٹی 28 مدینہ کالونی کے جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کے مشترکہ پینل کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ بنگالی باشندے محب وطن ہیں۔ پاکستان کے قیام میں بنگالی باشندوں کا اہم کردار ہے۔ لیکن بدقسمتی سے بنگالیوں کو تیسرے درجے کا شہری بنایا ہوا ہے۔

جماعت اسلامی نے اسمبلی کے اندر بنگالیوں کے مسائل اور انہیں شناختی کارڈ کے حصول میں ہونے والی پریشانیوں پر متعدد بار آواز اٹھائی اور بنگالی بھائیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا اور نارا بنگالی باشندوں کے ساتھ بے جا ظلم اور زیادتیاں بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگالی باشندوں کو ہمیشہ سیاسی جماعتوں اور مفاد پرست عناصر نے استعمال کیا اور انہیں ہمیشہ دھوکہ دیا گیا ہے۔

بنگالی باشندے 5دسمبر کو کراچی کے تمام علاقوں میں جماعت اسلامی اور اس کی حمایت یافتہ جماعتوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔ ان شاء اﷲ جماعت اسلامی بنگالی بھائیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے گی اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام نے کہا کہ کراچی میں غنڈہ گردی، دہشت گردی کی سیاست نے مضافاتی بسیتوں کے رہنے والوں کا جینا حرام کیا ہوا تھا۔

5دسمبر کو ارکان آباد اور اتحاد کالونی کے لوگ اپنے ووٹ کے ذریعے ایک بڑی تبدیلی لائیں اور کراچی میں امن محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم کی جائے۔ جماعت اسلامی پورے شہر میں کامیابی حاصل کرے گی اور ہم اس شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ پاک مسلم الائنس کے مرکزی نائب صدر محمد کمال قالین والا نے کہا کہ بنگالی باشندوں کو اپنے دوست اور دشمن کی تمیز ہوگئی ہے۔

اس بار بنگالی باشندے کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے اور ایک بڑی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ جماعت اسلامی کراچی میں امن قائم کرسکتی ہے۔ یونین کمیٹی28مدینہ کالونی کورنگی کے چیئرمین کے امیدوار مولانا محمد رشید نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کا مشترکہ پینل کامیاب ہو کر یوسی مدینہ کالونی کو مدینہ جیسا بنائے گی اور ہم اس ملک میں مدینے والا نظام قائم کریں گے۔

عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں گے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، اسکول اور صحت پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ وائس چیئرمین کے امیدوار مولانا محمد عبد اﷲ صدیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کی فتح یقینی ہے۔ 5دسمبر کو پورے شہر میں ترازو کامیاب ہوگا۔ اس موقع پر کونسلر کے امیدواراشرف پال، مولانا کریم اﷲ، محمد خان، محمد جوہر اور محمد ضیاء الحق نے خطاب کیا۔