آرمی جوانوں پر اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشتگرد بچ نہیں سکیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

منگل 1 دسمبر 2015 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) و زیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تبت سینٹر کے قریب ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں کے شہیدہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشتگرد بچ نہیں سکیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دو جوانوں کے مارے جانے پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ان کی قربانی ضایع نہیں جائے گی۔ انہوں نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری طور پر واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے اور حکم دیا ہے کہ واقعے کی فور ی تحقیقات کرکے ملوث قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں سخت حفاظتی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوانوں کی قربانیاں ایسے رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے ہماری فورسیز کے حوصلے پست نہیں ہونگے بلکہ ہمارے جوان مزید جوش اور ولولے کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف لڑتے رہیں گے اور ان کے قلع قمع کردینگے۔

متعلقہ عنوان :