شہر پشاورکودوبارہ پھولوں کاشہر بنا کرہی دم دلیں گے،پرویزخٹک

عوام کو گزشتہ ہر حکومت سے گلہ رہا ہے وہ پشاور جیسے تاریخی مقام کا حلیہ درست کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ قدم کیوں نہیں اٹھاتے،اب تک اربوں روپے کی سرکاری اراضی سے ناجائز تجاوزات ختم کرکے یہ اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 1 دسمبر 2015 22:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پشاور کو ایک خوبصورت، پرکشش اور تمام جدید شہری سہولتوں سے آراستہ دارالحکومت کے طور پر دُنیا کے سامنے پیش کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اس منصوبے کے بیشتر حصے پر مطلوبہ کا میابیاں حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ " کلین اینڈ گرین" پشاور کا خواب بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے اُنہوں نے بتایا کہ پشاور کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے دوسرے اقدامات کے علاوہ 1700 نوجوان رضا کاروں پر مشتمل فورس بھی قائم کی گئی ہے جو " بلین ٹری سونامی" منصوبے کے تحت شجرکاری کے علاوہ قدرتی آفات کی صورت میں امدادی کاموں میں بھی حصہ لے سکے گی وہ منگل کے روز نشتر ہال میں " صفا پشاور" آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اﷲ خان اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری امجد علی خان،" صفا پشاور" کے رضاکاروں، پی ٹی آئی کے رہنماؤں و کارکنوں اور دیگر افراد کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ پشاور کے شہریوں کو باالخصوص اور صوبے کے عوام کو باالعموم گزشتہ ہر حکومت سے گلہ رہا ہے کہ وہ پشاور جیسے تاریخی مقام کا حلیہ درست کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ قدم کیوں نہیں اٹھاتے انہوں نے کہاکہ اگر شہریوں کے اس سوال کا سنجیدگی سے جواب تلاش کیا جائے تو ہمیں معلوم ہوگا کہ گزشتہ ادوار میں ذاتی مفادات نے ارباب اختیار کو اس جانب بڑھنے سے روکے رکھا اورسب سے بڑا مفاد سرکاری اراضی پر تجاوزات کی صورت میں حاصل کیا گیا اور ایک قبضہ مافیا کو باقاعدہ طور پر پروان چڑھایا گیا جبکہ دوسری جانب صفائی ستھرائی اور ٹریفک کے نظام میں درستگی کیلئے مختص کئے جانے والے فنڈز ارباب اختیار کی جیبوں میں جاتے رہے اُنہوں نے کہاکہ اس شرمناک صورتحال نے جہاں پھولوں کے تاریخی شہر پشاور کا خوبصورت چہرہ مسخ کرکے رکھ دیا وہاں پشاور کے شہریوں کے لئے بے پناہ اور اذیت ناک قسم کی مشکلات پیدا کردیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے برسراقتدار آکر پشاور کو خوبصورت، صاف ستھرا اور سرسبز شہر بنانے کی غرض سے اپنے لئے وہ اہداف مقرر کئے جن کی توقع ہم پچھلی حکومتوں سے کرتے تھے اس سلسلے میں"کلین اینڈ گرینـ" پشاور کے منصوبے کے تحت سب سے پہلے نہ صرف دارالحکومت پشاور سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا بلکہ اس مہم کو پورے صوبے تک پھیلا دیا گیا اوراب تک اربوں روپے کی سرکاری اراضی سے ناجائز تجاوزات ختم کرکے یہ اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی ہے اُنہوں نے کہاکہ تجاوزات ختم کرکے سڑکوں، بازاروں اور بڑی شاہراہوں کو نہ صرف کھلا کیا گیا بلکہ ان پر جدید شہری سہولتیں مہیا کی گئیں اور شاہراہوں کی خوبصورتی کے اقدامات کئے گئے پرویز خٹک نے کہاکہ تجاوزات کا خاتمہ ہماری حکومت میں اس لئے ممکن ہوا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں صوبائی حکومت نے نہ تو کسی کی سفارش سنی اور نہ ہی آپریشن میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت کی۔

(جاری ہے)

اور یہ سب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہنمائی سے ممکن ہوا وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم پشاور کو "کلین اینڈ گرین" بنانے کے عزم کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ بے شمار بنیادی اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں اور باقی اہداف کا حصول جاری ہے پشاور میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کیلئے WSSPجس طرح شب و روز سرگرم عمل ہے اس سے پشاور کے شہری بخوی آگاہ ہیں۔

اس طرح کی کمپنیاں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی قائم کر دی گئی ہیں صوبائی حکومت پشاور اور دیگر شہروں سے اکٹھے کئے جانے والے کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ چیئرمین عمران خان کے "بلین ٹری سونامی"منصوبے کے تحت بھر پور اور بے مثال شجر کاری اس کے علاوہ ہے جس میں لاکھوں مقامی افراد اور خواتین حصہ لے رہی ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں نہ صرف دوسرے لوگوں کو بھی شجر کاری کے عظیم کام کی جانب راغب کر رہے ہیں بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے پودوں کی نرسریوں کے ذریعے روزگار کے مواقع بھی پید اکر رہے ہیں اُنہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت پشاور میں متعدد میگا پراجیکٹس بھی شروع کئے ہیں جن سے پشاور کے شہری بخوبی واقف ہیں ان میں سڑکوں کی کشادگی و تعمیرنو، سیوریج اور حیات آباد فلائی اوور کے منصوبے اہم ہیں۔

جبکہ پشاور کے تمام پارکوں کی حالت بھی بدل دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :