شفا انٹر نیشنل ہسپتال میں خطے کے پہلے سلیپ ڈس آرڈرسینٹرکا آغاز

منگل 1 دسمبر 2015 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) شفا انٹر نیشنل ہسپتال نے اس خطے میں اپنی نوعیت کے پہلے سلیپ ڈس آرڈرسینٹرکا آغاز کیاہے۔اس سینٹر میں جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کی سہولیات کے علاوہ تجربہ کار اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔یہاں مریض کے آرام،نیند کے مسائل کے صحیح اور برقت تشخیص کے ساتھ ساتھ بہترین علاج کی سہولیات موجود ہیں۔

منگل کو مسزسائرہ افضل تارڑ منسٹر ہیلتھ سروسز نے باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔اس تقریب میں ڈاکٹروں‘ نرسوں اور ادارے کے اعلی احکام نے شرکت کی۔ میڈیا بریفنگ کے دوران سائرہ افضل کا کہنا تھا،مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ شفا انٹر نیشنل ہسپتال نے بین الاقوامی معیار کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمام سہولیات کے ساتھ سلیپ ڈس آڈر سینٹر کا آغاز کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سلیپ ڈس آڈر سینٹر کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر سہیل نسیم نے کہا کہ ہم اپنی زندگی کا ایک تہائی حصہ نیند کی حالت میں گزارتے ہیں۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دن بھر کی سرگرمیوں کے لیے اچھی نیند بہت ضروری ہے ۔نیند سے متعلق مسائل سنگین نوعیت کے ہیں۔ لیکن کئی ڈاکٹروں اور لوگوں میں اس کی مکمل آگہی نہیں ہے ۔ یہ سانس اورذہنی مسائل کا سبب بنتے ہے ۔نیندکی کمی کی وجہ سے لوگوں میں سانس کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جن میں سانس کا روک کر چلنا شامل ہے ۔

ایسے مریضوں میں دن کے وقت نیندزیادہ آنے ،تھکاوٹ اور نیند کے دوران خراٹوں،دم گھٹنے اور ناہموار سانس کی شکایت کرتے ہیں ۔موٹاپا بھی نیند کے دوران سانس کے مسائل کی ایک اہم اور بڑی وجہ ہے جبکہ نیوروسائیکیڑی میں نیند کی کمی(Insomnia)،نیند میں چلنا یا باتیں کرنااورنیند کی زیادتی شامل ہیں ۔اس بارے میں بروقت تشخیص اور علاج کے لیے لوگوں میں شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیند کے مسائل اور ان کی پیچیدگیوں کو حل کیا جاسکتا ہے۔سلیپ ڈس آرڈر سینٹرکی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر میاں امجدسہیل نے کہا کہ اس سینٹر کا مقصد صرف نیند سے متعلق مسائل کا علاج کرنا نہیں بلکہ یہاں لوگوں کو انفردی طور پر تربیت دی جائے گی کہ وہ پورے ملک میں اس جیسے پروگرام منعقد کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شفا انٹر نیشنل ہسپتال نے ہمیشہ مریضوں کی معیاری دیکھ بھال اور علاج فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔