Live Updates

عمران خان کا پشاور کو خوبصورت اور ماڈل شہر بنانے کا اعلان

پی ٹی آئی چیئرمین کی پشاور میں صفائی مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 22:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور کو خوبصورت اور ماڈل شہر بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس میں صفائی، ستھرائی کا نظام بہتربنانے اور عوام کو ساتھ ملا کر شہر کے تاریخی حسن اور حیثیت کو بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔منگل کو پشاور میں صفائی مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پشاور کو آئندہ آنے والے وقت میں ماڈل سٹی بنانے کا خواب پورا کرنے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ایک تاریخی شہر ہے جسے ماضی قریب میں جنوبی ایشیا اور وسط ایشیاء میں ایک اہم حیثیت حاصل اور اس پورے خطے میں ہونے والی تجارت میں یہ شہر ایک کلیدی کردار ادا کیا کرتا تھا۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ پشاور شہر کو اس کی خوبصورتی کی وجہ سے باغات اور پھولوں کا شہر قرار دیا جاتا تھا، تاہم بدقسمتی سے اس شہر کے حسن کو لاپرواہی اور غفلت کے باعث تباہ کیا گیا۔

تحریک انصاف نہ صرف پشاور کے ظاہری حسن کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی بلکہ افغانستان اور دیگر ملحقہ ممالک کے ساتھ ہونے والی تجارت کا اسے مرکزی مقام بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی تعمیر کے ہر ایجنڈے کو بدرجہ اتم اہمیت دی ہے، اب بھی تحریک انصاف کے نوجوان اور کارکنان اپنے تمام تر وسائل استعمال کرینگے اور صوبائی حکومت کی معاونت کے ساتھ پشاور شہر کو ایک خوبصورت اور ماڈل شہر بنائینگے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کی تعمیر ترقی کی تحریک کسی صورت ماند نہیں پڑنے دینگے اور میں اس شہر کی تعمیرمیں خصوصی دلچسپی لوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایف سی سے ان کے زیر استعمال علاقے میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام کی درخواست کرینگے، جبکہ صوبائی حکومت کے لئے قلعہ بالاحصار کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے چیف آف آرمی اسٹاف سے بھی رابطہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کو ہمارے ایمان میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے، چنانچے صوبے کی سیاسی قیادت انتظامیہ اور شہریوں کی مدد سے صوبے بھر میں صفائی کی ایک خصوصی مہم آئندہ دنوں میں یقینی بنائیگی، تاکہ ہمارے شہروں اور بستیوں سے گندگی کا خاتمہ کیا جاسکے اور گندگی سے پھیلنے والی ان گنت بیماریوں کا تدارک ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلی کے ہمراہ سڑک پر جھاڑو دی اور ملک بھر میں صحت اور صفائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :