چیف الیکشن کمشنر کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار

صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا، سیاسی جماعتوں، امیدواروں، خصوصاً میڈیا نے انتخابات کے دوران مثبت کردار ادا کیا، اسلام آباد کے ووٹرز خصوصاًخواتین اپنے جمہوری حق کیلئے گھروں سے نکلیں،سردار رضا محمد خان

منگل 1 دسمبر 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا، سیاسی جماعتوں، امیدواروں، خصوصاً میڈیا نے انتخابات کے دوران مثبت کردار ادا کیا، اسلام آباد کے ووٹرز خصوصاًخواتین اپنے جمہوری حق کیلئے گھروں سے نکلیں۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پوری حکومتی مشینری اور سٹیک ہولڈرز خراج تحسین کے مستحق ہیں،وزارت داخلہ، پولیس، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، سی ڈی اے اور آئیسکو سمیت تمام وفاقی اداروں نے بھرپور تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ، چیف کمشنر ، ضلعی انتظامیہ اور آئی جی نے امن و امان کو برقرار رکھا، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے انتہائی مثبت کردار ادا کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے دوران میڈیا کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے دوران میڈیا نے بہت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور تمام ٹی وی چیلنجز نے ضاطہ اخلاق کی پابندی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام خصوصاً خواتین کو اپنے جمہوری حق کیلئے گھروں سے نکلنا ہو گا۔