Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی اکاؤنٹس سے متعلق مقدمے میں جواب جمع کرادیا

تحریک انصاف کی فیصلے پر حکم امتناعی جاری کرنے کی درخواست مسترد

منگل 1 دسمبر 2015 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی اکاؤنٹس سے متعلق مقدمے میں جواب جمع کرا دیا ہے‘ جبکہ عدالت نے تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے‘ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی‘ تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر انور منصور جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ایڈووکیٹ نعمان منیر پراچہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ نعمان منیر پراچہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کروایا۔ درخواست گزر کے وکیل بیرسٹر انور منصور نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کو سیاسی جماعتوں کے پارٹی فنڈز کی جانچ پڑتال کا اختیار نہیں‘ الیکشن کمیشن کا تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے ایک شہری اکبر بابر کی درخواست پر حکم جاری کیا تھا۔ بیرسٹر انور منصور کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی الیکشن کمیشن کے وکیل آئندہ سماعت پر اپنے دلائل دیں گے ۔ واضح رہے کہ وکلاء نے اتفاق کیا کہ تین دسمبرکو الیکشن کمیشن میں اس معاملے کی کارروائی پر التواء کی درخواست دی جائے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات