بلدیاتی ادارے گراس روٹ لیول پر ترقی اور مسائل کے حل میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں:گورنر پنجاب کی سر گو دھا سر کٹ ہا ؤس میں مسلم لیگ (ن) کے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، بلدیاتی ا لیکشن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 21:51

سرگودھا۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم دسمبر۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پارٹی ورکرز کسی بھی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں ، بلدیاتی ادارے گراس روٹ لیول پر ترقی اور مسائل کے حل میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں، صوبہ بھر میں بلدیاتی الیکشن میں غیر معمولی کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) پر اعتماد او رقیادت کی کارکردگی پر یقین کاواضح ثبوت ہے ۔

ملک احتجاجی سیاست کامتحمل نہیں ہوسکتا ،عوام خود فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کون ملک کی ترقی او رخوشحالی کیلئے مخلص ہے ۔ وہ منگل کے روزاپنے دورہ سرگودہا کے موقع پر سرکٹ ہاؤس میں سرگودہا سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، بلدیاتی ا لیکشن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید، ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ایم پی اے چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں، ڈاکٹر نادیہ عزیز ‘ سردار بہادر عباس میکن ‘ مہر غلام دستگیر لک ‘ میاں مناظر علی رانجھا‘ رانا منور غوث، چوہدری شاہنواز رانجھا او ردیگر راہنما بھی موجود تھے ۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ گورنر کیلئے میری تقرری ورکرز کی حوصلہ افزائی کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف ملک کو بجلی کی قلت اور دیگر مسائل سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، پاک چائنا اقتصادی کوریڈور ملک کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں روزگار کے مسائل کے حل کیلئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے ۔

حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ کی ترقی کیلئے ٹھوس منصوبہ کے ذریعے عمل پیرا ہیں اور صوبہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔ گورنر پنجاب سے سرگودہا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے چیمبر کے صدر مختار احمد مرزا کی قیادت میں ملاقات کی اورچیمبر کے دفتر کیلئے اراضی کی فراہمی او ردیگر مسائل پیش کئے گورنر نے انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔