نیب ملک سے بدعنوانی اور کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پرعزم ہے، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری

کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کر وادیا گیا ہے جو ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے مددگار ثابت ہوگا، اساتذہ،طلباء و طالبات بدعنوانی کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم کا ہراول دستہ ہیں ، نیب اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ، ورچوئل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط سے کرپشن کے خاتمہ میں مدد ملے گی، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا تقریب سے خطاب

منگل 1 دسمبر 2015 21:51

لاہور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم دسمبر۔2015ء) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب زیرو ٹالرنس پالیسی پر کام کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی اور کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے ،کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کر وادیا گیا ہے جو ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے مددگار ثابت ہو گا، دس ہزار سے زیادہ کریکٹربلڈنگ سوسائٹیز ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد اساتذہ،طلباء و طالبات بدعنوانی کے خاتمے کے لئے آگاہی مہم کا ہراول دستہ ہیں ، نیب اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط سے کرپشن کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کے روز نیب لاہور کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب میجر( ر) سید برہان علی ،یو، ای ٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر فضل احمد خالد ،کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے عہدیداران اور یونیورسٹی ، سکول کالج کے طلبہ و طالبات بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی کے بعد دوسرا بڑا ناسور کرپشن ہے جس کے خلاف ہم سب کو جہاد کرنا ہے جس طرح دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان سمیت پاکستان کے دوسرے سیکیورٹی ادارے اور سول سوسائٹی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ جس کیلئے ہماری افواج پاکستان جانوں کی قربانیاں پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم نوجوان نسل سے بہتر اور کوئی نہیں کر سکتا ۔

کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف کسی ہتھیار یا بندوق سے کام نہیں لیا جا سکتا۔ پیار،محبت اور دلجوئی سے معاشرہ سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے جس کیلئے نوجوان نسل ہی اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 9دسمبر کو دنیا بھر میں منائے جانے والے اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر کرپشن کے خلاف مہم کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جاتا ہے اور تمام ممبر ممالک اس مہم میں کرپشن کے خلاف عہد کااعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب لاہور نے آج سے اینٹی کرپشن ہفتہ کا آغاز کر دیا ہے جس کیلئے ہمیں اپنے ملک کے ساتھ کئے ہوئے وعدے کا بھرپور احساس کرتے ہوئے وطن عزیز کو کرپشن جیسی لعنت سے پاک کرنے کا عہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئندہ پورے سال میں اس عہد کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور ملک میں بد عنوانی و کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2014ء میں نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ بھی ایم او یو سائن کیا تھا اور اب 2015ء میں نیب نے ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ‘گورنمنٹ کالج آف یونیورسٹی اور ورچویل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس سے کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تمام مرحلے مکمل ہونے کے بعد نیب کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز میں بلدیاتی امیدواروں کو بھی نیب کی مہم میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی تا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب پنجاب میجر (ر) سید برہان علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد عنوانی ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے‘ کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے تعلیم ‘ صحت اور ریونیو کے معاملات جو کہ ہر کسی کی بنیادی سہولت ہے‘ کرپشن کی نظر ہونے کی بدولت ہرکسی کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے پہلی قانون سازی 1947ء میں ہوئی اور اس کے سد باب کیلئے 30سے زائد قوانین موجود ہیں۔

1999میں ایک جامع قانون قومی احتساب آرڈیننس کے تحت قومی احتساب بیورو کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب نے کہا کہ سیکشن 33سی نیو کے تحت آگاہی کے ہتھیار کو موٴثر طور پر استعمال کیا جاتا ہے تاکہ صاحب اختیار سے لیکر عام آدمی تک ہر شخص کرپشن کے خلاف جنگ کا حصہ بنے اور معاشرے سے بے حس رویوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔اس سلسلہ میں نیب لاہور نے مختلف سطحوں پر تقاریر مضمون نویسی ‘ مصوری اور موسیقی کے مقابلے کروائے جس میں سرکاری تعلیمی اداروں سے لیکر نجی تعلیمی اداروں تک طلبہ و طالبات نے بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جو ملک میں بد عنوانی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے مدد گار ثابت ہو گا۔ اس ڈیٹا بیس میں ممبران کی رجسٹریشن کا کام کیا جا چکا ہے اور مستقبل میں سی بی ایس ویب سائٹ کا اجراء بھی کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک ایسے ادارے سے منسلک ہونے پر فخر ہے جس نے تمام تر عملی مشکلات اور تنقید کے باوجود اپنا سفر جاری رکھا۔

نیب لاہور نے 2015ء میں کل 4244درخواستیں وصول کیں۔ اس بڑی تعداد کا موصول ہونا لوگوں کے اس ادارے پر اعتماد کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ وصولی بھی کرتا ہے ‘ نیب اب تک 264بلین روپے نہ صرف وصول کر چکا ہے بلکہ ڈبل شاہ سکینڈل ‘ ہاوٴسنگ سوسائٹیز اور فاریکس کمپنیوں کے متاثرین اور قومی اداروں کو بھی ان کی امانتیں لوٹا چکا ہے۔ تقریب سے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز کے چیئرمین شبیر سرور نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چیئرمین نیب نے سی بی ایس ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیااور انہوں نے طلبا ء و طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :