بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں وظائف پر داخلہ حاصل کرنے والے 15 سری لنکن طلباء کی صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے ملاقات

منگل 1 دسمبر 2015 21:44

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم دسمبر۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں وظائف پر داخلہ حاصل کرنے والے 15 سری لنکن طلباء نے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے ملاقات کی۔ سری لنکن طلباء کو وظائف کے ایک پروگرام کے تحت جامعہ میں داخلے دیئے گئے ہیں جس کا اجراء اسلامی یونیورسٹی اور سعودی عرب کے الراجحی ٹرسٹ کے مابین تعاون کے معاہدے کی رو سے کیا گیا ہے جبکہ ان طلباء کو جامعہ کی فیکلٹی آف اصول الدین اور فیکلٹی آف شریعہ و قانون میں داخلے دیئے گئے ہیں۔

منگل کے روز جامعہ کے نیو کیمپس میں ہونے والی اس ملاقات میں ڈاکٹر الدریویش نے سری لنکن طلباء کو خوش آمدید کہا اور ان کو تلقین کی کہ وہ خود کو حصول علم کے لئے وقف کردیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش کا کہنا تھا کہ یہ عصر حاضر کا اہم تقاضا ہے کہ طلباء کو علوم میں جدت سے آشنا ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کرایا جائے اور یہی اسلامی یونیورسٹی کا اولین فریضہ ہے۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ امت مسلمہ کے نوجوان ہی ہیں جنہوں نے مستقبل میں اسلام کا پیغام امن و اعتدال دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہے اور نوجوان ہی ہیں جن سے امت مسلمہ کا مستقبل وابستہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مسلم طلباء کی مدد وتعاون پر الراجحی ٹرسٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹر سٹ کی خدمات مثالی ہیں۔ صدر جامعہ نے سری لنکن طلباء کی آمد میں تعاون پر حکومت پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کے تعاون کی بھی تعریف کی ۔

ڈاکٹر الدریویش نے طلباء کی یقین دہانی کرائی کہ جامعہ میں ان کو گھر جیسا اور سیکھنے سکھانے کیلئے سازگار ماحول مہیا کیا جائے گا۔ملاقات میں فیکلٹی آف شریعہ و قانون کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، فیکلٹی آف عریبک کے ڈین ڈاکٹر حافظ محمد بشیر، فیکلٹی آف اصول الدین کے ڈین ڈاکٹر ہارون الرشید، ڈائیریکٹر جنرل جامعہ خالد محمود راجہ ، ڈائریکٹر دفتر صدر جامعہ عبدالللہ الفیفی، مشیران صدر جامعہ اور دیگر متعلقہ عہدیداران بھی موجود تھے۔سری لنکن طلباء نے ملاقات کرنے پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ان کو جامعہ میں نہایت دوستانہ اور بہترین تعلیمی ماحول مہیا کیا جا رہا ہے ۔