پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تین افغان باشندوں کی ضمانت منسوخی کیلئے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں افغان باشندوں کے خلاف زیر سماعت مقدمہ نمٹانے کی ہدایت کر دی

منگل 1 دسمبر 2015 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء ) سپریم کورٹ نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تین افغان باشندوں کی ضمانت منسوخی کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر درخواست مسترد کر دی۔گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ افغانستان سے پاکستان آنے والے تینوں افغان باشندوں کی عدالت عالیہ نے درخواست ضمانت منظور کررکھی ہے،ملزمان ضمانت کے بعد اپنے مقدمے کی پیشی کے لئے ٹرائل کورٹ میں نہیں آ رہے لہٰذا انکی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔

ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ وہ باقاعدگی سے ٹرائل عدالت پیش ہوکر اپنے مقدمے کی پیروی کر رہے ہیں۔جس پر عدالت نے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کے لئے حکومت پنجاب کی دائر درخواست مسترد کر دی۔عدالت نے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں افغان باشندوں کے خلاف زیر سماعت مقدمہ نمٹانے کی ہدایت کر دی۔

متعلقہ عنوان :