بلدیاتی الیکشن کے ساتھ ہی وعدے بھی’گزر‘ گئے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 1 دسمبر 2015 20:48

اٹک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔یکم دسمبر۔2015ء ) بلدیاتی انتخابات کے وعدے عوام کے لیے دردِ سر بن گئے․ سہولتوں کے بجائے مشکلات کا سامنا․ کاروبار ٹھپ، مکانوں میں جانے کے راستے بند ہوگئے اٹک شہر میں محلہ کربلا میں ستار چوک کے قریب سوئی گیس کی پائپ لائن بچھانے کے لیے کی جانے والی کھدائی میں ایک ماہ سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود پائپ لائن نہ ڈالی جا سکی شیخ غلام صمدانی نے حلقے کے عوام سے گیس کے پریشر کا مسئلہ حل کرنے کاوعدہ کیا تھا لیکن الیکشن سے15روز قبل کی جانے والی کھدائی میں شیخ غلام صمدانی کے جیت جانے کے بعد تا حال پائپ لائن نہیں ڈالے جا سکے ہیں لوگوں کی دکانوں اور گھروں کے سامنے تقریباً 3فٹ گہرا گڑھا موجود ہونے کی وجہ سے گھروں اور دکانوں تک رسائی کے لیے لانگ جمپ کا سہارا لینا پڑتا ہے جس سے خواتین اور بزرگ افراد کی زندگی ابتر ہو گئی ہے اس سے قبل بھی ناز سینما سے شین باغ تک پائپ لائن جو تقریباً 25کروڑ روپے کی لاگت سے ڈالی کی گئی تھی کی کھدائی کی وجہ سے تقریباً 1سال تک کاروبارِ زندگی معطل رہا تھا․ پائپ لائن بچھانے کے بعد سڑک کی دوبارہ تعمیر کا کام 14ماہ تک التوا کا شکار رہا تھا․ مولا بھائی والی گلی میں کھدائی ہونے کے باعث ٹریفک کا داخلہ عملاً معطل ہے اس کے علاوہ گرد و غبار اور گندگی کی وجہ سے وبائی امراض کے پھیلنے کا اندیشہ ہے․ اہالیانِ محلہ نے اربابِ اختیار سے صورتِ حال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف یہ کہ پائپ لائن بچھانے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے بلکہ گلی کو فوری طور پر مرمت کر کے کم سے کم پائپ لائن بچھانے سے پہلے والی صورت میں بحال کیا جائے․