Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کی طرف سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی اور نتائج تبدیل کرانے کے الزامات کو مسترد کردیا

عوام نے بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کی طرح دارالحکومت میں بھی (ن) لیگ کو مینڈیٹ دیا، پی ٹی آئی کی قیادت نے حسب روایت دھاندلی کے الزامات کی سنت برقرار رکھی ہے، قوم کو ان الزامات سے الرجی ہو چکی، پی ٹی آئی اب الزامات کی سیاست سے باہر آئے،(ن) لیگ کے 22 چیئرمین کامیاب ہو گئے، آزاد ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے 4 چیئرمینوں نے (ن) لیگ میں شامل ہونے کی یقین دہانی کرا دی، مسلم لیگ (ن) کا نامزد امیدوار واضح اکثریت سے میئر شپ کاانتخاب جیتے گا،وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی طلال چوہدری اور انجم عقیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 1 دسمبر 2015 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کی طرف سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی اور نتائج تبدیل کرانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کی طرح دارالحکومت میں بھی (ن) لیگ کو مینڈیٹ دیا، پی ٹی آئی کی قیادت نے حسب روایت دھاندلی کے الزامات کی سنت برقرار رکھی ہے، قوم کو ان الزامات سے الرجی ہو چکی، پی ٹی آئی اب الزامات کی سیاست سے باہر آئے،(ن) لیگ کے 22 چیئرمین کامیاب ہو گئے، آزاد ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے 4 چیئرمینوں نے (ن) لیگ جوائن کرنے کی یقین دہانی کرا دی، مسلم لیگ (ن) کا نامزد امیدوار واضح اکثریت سے میئر شپ کاانتخاب جیتے گا۔

وہ منگل کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں (ن) لیگ کے رکن اسمبلی طلال چوہدری، سابق رکن اسمبلی انجم عقیل خان اور بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے (ن) لیگی امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں فتح مندی پر اﷲ کا شکر ادا کرتے ہیں، دارالحکومت کا پہلا الیکشن مکمل امن و امان اور شفافیت کے ساتھ منعقد ہوا، الیکشن مثالی شہر میں مثالی الیکشن کرانے پر مبارکباد کا مستحق ہے،(ن) لیگ ان انتخابات میں اکثریتی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے، یونین کونسل سرائے خربوزہ سمیت 22یونین کونسلوں میں ہمارے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، 12آزاد ٹکٹ پر کامیاب امیدوار بھی (ن) لیگی ہیں، دیگر آزاد امیدواروں سے بھی رابطے قائم ہیں، بھاری اکثریت سے میئر منتخب کرائیں گے، پی ٹی آئی اسلام آباد کو اپنا گڑھ قرار دیتی تھی ، دیہی اور شہری دونوں حلقوں سے پی ٹی آئی پر سبقت لی ہے، وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کو جدید ترین شہر بنائیں گے، پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں، تاہم جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا جواب نہیں دینا چاہتا، مشاورت کے ساتھ پارٹی مفاد میں ٹکٹ دیئے، اسد عمر کی طرف سے پولنگ اسٹیشن جا کر نتائج تبدیل کرانے کا الزام لغو اور بے بنیاد ہے، اگر اسد عمر ثابت کر دیں کہ ووٹ ڈالنے کے علاوہ کسی پولنگ اسٹیشن پر گیا ہوں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

اشرف گجر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات طے کرنا چاہیئیں، میڈیا میں باتیں کرنے سے پارٹی کو نقصان ہوا۔ انہوں نے پراپیگنڈا کر کے پارٹی کی پشت میں چھرا گھونپا، انکے لئے ہدایت کی دعا کرتا ہوں، ظفر علی شاہ ہمارے لیڈر ہیں ان کے خلاف نہ پہلے بات کی نہ اب کروں گا، تاخیر سے رزلٹ آنے کی وجہ سے بعض امیدوارں کی طرف سے 5,5بار گنتی کرانا تھا، کونسلرز کو خریدنے کی باتیں بے بنیاد ہیں،رکن اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ نے اسلام آباد میں 2013 کے عام انتخابات سے زیادہ ووص حاصل کئے، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں (ن) لیگ نے 44 فیصد اور پی ٹی آئی نے صرف 30 فیصد ووٹ حاصل کئے، شہر میں کام اور الزام کا مقابلہ تھا، عوام نے کام کو ووٹ دیئے، میٹرو پر تنقید کرنے والے ہارے، جہاں جہاں سے میٹرو گزرتی ہے،وہاں (ن) لیگ فتح مند ہوئی،میٹرو کی سیاست تعمیر کی سیاست ہے، عوام نے تعمیر کی سیاست کا ساتھ دیا، عوام نے بے لگام الزامات کو شکست فاش دے دی، تحریک انصاف کو بنی گالہ میں ہرایا،5دسمبر کو لال حویلی کی ٹلی بھی بجھا دیں گے، پے در پے شکست سے عمران خان کا دماغ ماؤف ہو گیا ، عمران خان جان رکھیں الزام کو ووٹ نہیں پڑتے کام کو ووٹ پڑتے ہیں۔

انجم عقیل خان نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیئے ہیں، عوام نے نواز شریف کے اقدامات کی توثیق کر دی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات