نریندر مودی نے نواز شریف سے ملاقات کر کے درست اقدام اٹھایا ، صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہنا چاہیے ‘ پاکستان نے ہمسایوں سے ہمیشہ اچھے تعلقات کی بات کی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارتی و زیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے درست اقدام اٹھایا ہے۔ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہنا چاہیے ‘ پاکستان نے ہمسایوں سے ہمیشہ اچھے تعلقات کی بات کی۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔ بھارتی و زیر اعظم نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے درست اقدام اٹھایا ہے۔ صبح کا بھولا شام کو واپس آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہتے۔ پاکستان ہمیشہ سے ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر کرنے میں کارگر ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 120 روز کا دھرنا دینے والے بلدیاتی الیکشن میں بنی گالا کی نشست ہار گئے۔ عوام نے (ن) لیگ پر ہمیشہ کی طرح اعتماد کا اظہار کیا۔ کوشش کریں گے کہ اسلام آباد میں میئر بھی عوام کی پسندیدہ شخصیت ہو۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قوم فوجی جوان وں کی جانوں کی قربانی کبھی نہیں بھولے گی۔ اس طرح کے واقعات سے حکومت کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو اور تیز کر دیا جائیگا۔