وزیر اعظم کی بھارتی ہم منصب سے خفیہ ملاقات کی خبریں بے بنیاد ہیں ،ترجمان وزیر اعظم ہاوس

نواز شریف کی مودی سے خفیہ ملاقات کی نہ تو ضرورت ہے نہ ہی اس کی گنجائش ہے ،اگر دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات ہو ئی تو سب کے سامنے ہو گی،ترجمان

منگل 1 دسمبر 2015 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء ) ترجمان وزیر اعظم ہاوس نے وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب سے خفیہ ملاقات کی خبروں کو بے بنیا د قرار دیدیا۔منگل کو ترجمان وزیر اعظم ہاوس نے کہاکہ بھارتی میڈیا میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب سے خفیہ ملاقات کی نہ تو ضرورت ہے نہ ہی اس کی گنجائش ہے ،اگر دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات ہو ئی تو یہ سب کے سامنے ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بھارتی صحافی نے برکھادت نے پاکستانی نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعظم نریندر مودی نے سارک کانفرنس میں صرف ہاتھ ملایا لیکن سائیڈلائن پر خفیہ ملاقات بھی کی کانفرنس کے دوران نواز شریف اور نریندر مودی کا ہاتھ ملانا ہی بڑی بات تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤ ں کی خفیہ ملاقات کا انتظام بھارتی سٹیل ٹائیکون سجن جندل نے کیا۔ سٹیل میگنٹ سجن جندل کا کردار صرف خفیہ پیغام رساں کا ہے جو بغیر پروٹوکول ملاقات کا انتظام کرتاہے۔